اندرا پارک میں آج جمہوریت بچاؤ جلسہ عام

,

   

فلم اداکار پرکاش راج اورنیوزایڈیٹر عامر علی خاں کاخصوصی خطاب، عوام سے شرکت کی اپیل

حیدرآباد۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) ہندوستان میں گزشتہ 6 برسوں سے قوم پرستی کے نام پر فرقہ پرستی کو فروغ دیا جارہا ہے اور فرقہ پرستوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور دلتوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ این آر سی، این پی آر اور شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے) بھی خود ساختہ قوم پرستی کی ملک دشمن سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔ مودی حکومت نے مذہبی بنیادوں پر شہریت ترمیمی قانون لاکر یقیناً ملک کے دستور اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا آغاز کیا تاہم بلالحاظ مذہب و ملت انصاف پسند عوام شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ینگ انڈیا نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی 20 جنوری کو ملک کے 20 مختلف مقامات پر ’’دستور بچاؤ اور جمہوریت بچاؤ‘‘ احتجاجی جلسوں و مظاہروں کا انعقاد عمل میں لارہی ہے چنانچہ اس کے حیدرآباد چیاپٹر کی جانب سے 20 جنوری بروز پیر دوپہر 2 بجے تا 5 بجے شام دھرنا چوک اندرا پارک میں جلسہ عام (ینگ انڈیا ڈکلیریشن میٹنگ) کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں ممتاز فلم اداکار اور انسانی حقوق کے جہد کار پرکاش راج اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کی خصوصی شرکت ہوگی۔ محمد فیضان سرور، سلیم پاشاہ اور این کرن نے عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں غیرمسلم بھائی دستور، جمہوریت اور اقلیتوں کی حفاظت کیلئے پراثر احتجاج کررہے ہیں چنانچہ مسلم برادران کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ احتجاج میں شامل ہوں اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے آگے آئیں۔ احتجاجی جلسہ کے منتظمین نے تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کے طلباء و نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک گیر پیمانے پر جاری اس جدوجہد میں سرگرم رول ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر محض مسلمانوں کا ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ سارے ہندوستانی عوام کا مسئلہ ہے۔ آج مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے تو کل دلتوں اور دیگر طبقات کو نشانہ بنایا جائے گا چنانچہ تمام آبنائے وطن کو چاہئے کہ وہ حکومت کے اس سیاہ قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری احتجاج کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ منتظمین جلسہ نے احتجاج میں طلباء و نوجوانوں بالخصوص خواتین و لڑکیوں کے سرگرم رول کو حوصلہ افزاء قرار دیا اور شہر کی خواتین اور طالبات سے پیر کو اندرا پارک پر منعقد ہونے والے اجتماع میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ مستقبل میں ایسے مزید جلسے اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔