مغربی ایشیا بحران کے باوجود ایندھن کی قیمتیں مستحکم، سپلائی نارمل
نئی دہلی، 29 اپریل (یو این آئی) مغربی ایشیا کے بحران کے باعث مسلسل بدلتی ہوئی صورتحال کے درمیان حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں ایندھن کا کافی ذخیرہ دستیاب ہے اور پٹرول و ڈیزل کی خردہ قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا، اس لیے عوام کو گھبراہٹ میں خریداری (پینک بائینگ) سے گریز کرنا چاہیے ۔مغربی ایشیا کی صورتحال پر یہاں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی بین وزارتی بریفنگ میں حکام نے آج بتایا کہ عوامی شعبے کی تیل کمپنیوں نے خام تیل کی عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود سپلائی کو مستحکم رکھا ہوا ہے ۔ حکومت نے بین الاقوامی قیمتوں کے اثرات سے مقامی صارفین کو بچانے کیلئے ایکسائز ڈیوٹی میں کٹوتی اور برآمدی سیس جیسے اقدامات بھی کیے ہیں۔ ایندھن کی کسی بھی قسم کی قلت کی تردید کرتے ہوئے حکام نے زور دے کر کہا کہ تمام پٹرول پمپ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی گمراہ کن معلومات سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ شہریوں کو صرف سرکاری ذرائع پر بھروسہ کرنے اور توانائی کے تحفظ کے اقدامات اپنانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے ۔وزارت پٹرولیم اور قدرتی گیس نے کہا ہے کہ مقامی ایل پی جی سپلائی کو ترجیح دی گئی ہے ، جہاں صرف 28 اپریل کو 50.8 لاکھ سے زیادہ سلنڈر تقسیم کیے گئے ، ساتھ ہی الگ الگ ریاستوں کے مزدوروں کیلئے 73,000 سے زیادہ پانچ کلو گرام والے ایل پی جی سلنڈر بھی دستیاب کرائے گئے ۔ عالمی دباؤ کے باوجود ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے پاس کسی قسم کی ‘کمی’ کی اطلاع نہیں ہے ۔ گاڑیوں کیلئے ایل پی جی کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اپریل میں عوامی شعبے کی تیل کمپنیوں کی اوسط روزانہ فروخت تقریباً 353 ٹن تک پہنچ گئی ۔