اندرماں مکانات کی منظوری میں بے ضابطگیاں

   

ظہیرآباد سی پی آئی لیڈر کے نرسملو کا الزام ، احتجاج کا انتباہ
ظہیرآباد ۔یکم جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سی پی آئی ڈیویژن سکریٹری کے نرسملو نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں ریاستی حکومت کی جانب سے اندرماں مکانات کی منظوری میں بے ضابطگیاں پائی جانے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں صرف کانگریس لیڈرس شامل ہیں۔ حکومت نے سلیکشن کمیٹی میں اپنی پسند کے لوگوں کو منتخب کیا ہے اور وہ حکومت کو اپنے تجویز کردہ نام بھیج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے نام آنے کے بعد اگر دس ہزار نہ دی جائیں تو اُن کے نام لسٹ سے غائب ہو رہے ہیں۔ ریاستی حکومت دراصل یہ کہہ رہی ہے کہ وہ اندرماں گھروں کو بہت سختی سے منظوری دے رہی ہے۔ حکومت کے لئے دوسروں کے بنائے ہوئے مکانات گرا کر ان کے لئے تین مکانات بنانا کس حد تک معقول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو وارڈ سلیکشن کمیٹی میں شامل کرکے سلیکشن کمیٹی میں وارڈ کے نمائندوں کے طور پر تعینات کیا جائے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی سلیکشن کمیٹیوں اور ہاؤزنگ حکام کو چاہئے کہ وہ غریبوں کو اندرماں مکانات منظور کریں۔ اگر نہیں تو ہم فائدہ اُٹھانے والوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے زیراہتمام بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائیگا ۔