اندرون ہفتہ ڈینگو پر قابو پالیا جائیگا

   

محبوب نگر میں سلم بستیوں کے دورہ کے موقع پر سرینواس گوڑ کا ادعا

محبوب نگر ۔ 15؍ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر میں ڈینگو اور وائرل فیور کے بڑھتے کیسس کے پیش نظر ریاستی وزیر سرینواس گوڑ غیر معمولی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیںاور مسلسل اقدامات کرتے جا رہے ہیں ۔ ایک طرف وہ خود شہر کے سلم بستیوں کادورہ کرتے ہوئے گھروں میں پانی کے استعمال کا معائنہ کرتے ہوئے بروقت ضروری مشورے عوام کو راست دے رہے ہیں تو دوسری طرف ٹیموں کی تشکیل دے رہے ہیں جو بستیوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں اور عوام میں ڈینگو اور وائرل کے تعلق سے شعور بھی پیدا کر رہی ہیں ۔ وزیر موصوف نے چار عہدیدار پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی ہیں جس میں وارڈ اسپیشل آفیسر ہیلتھ عملہ ‘ آشاورکر س وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگو سے بچاؤ کے لئے ’’اسپیشل ریاپڈ ایکشن فورس‘‘ تیار کی گئی ہے ۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ایک ہفتہ میں ڈینگو پر قابو پالیا جائیگا ۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے مکانات پر اسٹیکرس چسپاں کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کے کہ وہ ڈینگو سے بچاو کی اس مہم میں اپنا پورا پورا تعاون دیں ۔ آفیسرس اور عملہ آپ سے رجوع ہو تو ان کی مدد کریں ۔ ریاستی وزیر نے شہر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور عملہ کے ساتھ ادویات کا چھیڑکاؤ بھی کیا ۔