حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پولیوشن کنٹرول اپیلیٹ اتھاریٹی کی تشکیل کا معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت رہا ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اتھاریٹی کے چیرمین کے تقرر کا عمل جاری ہے۔ ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ تقرر سے متعلق فائل کہاں زیر التواء ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ 5 جولائی کو یہ فائل چیف منسٹر کے پاس روانہ کی گئی ہے۔ عدالت نے آئندہ دو ہفتوں میں اپیلیٹ اتھاریٹی کی تشکیل کے احکامات جاری کئے ۔ عدالت نے کہا کہ ابھی تک دو مرتبہ حکومت کو مہلت دی جاچکی ہے اور یہ آخری موقع ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر تقرر کا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تو سکریٹری ماحولیات کو عدالت میں حاضر ہوکر وضاحت کرنی ہوگی۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 4 اگست کو ہوگی۔
