اندھیرے میں امید کی کرن ، ایک جوڑے کا قابل ستائش اقدام

   

کورونا سے متاثر 35 افراد کو روزانہ دو وقت کا کھانا مفت سربراہ
حیدرآباد :۔ یہ وہ دور ہے کورونا سے متاثر ہونے پر رشتہ دار بھی قریب نہیں آرہے ہیں ۔ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے ہر اندھیرے میں ایک روشنی کی کرن نظر آتی ہے ۔ دلسکھ نگر کے الکاپورم ڈیویژن میں ایک ایسا ٹرسٹ ہے جو کورونا سے متاثر ہونے والوں کو دو وقت کا کھانا مفت ان کے گھروں تک پہونچا رہا ہے ۔ واسوی کالونی میں قیام پذیر تمناس چیارٹیبل ٹرسٹ چلانے والا ایک جوڑا تمنا سریدھر ، لکشمی سجاتا نے کورونا کے متاثرین کی خدمات کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ فی الحال آر کے پورم میں کورونا سے متاثر 35 افاد کو ان کے گھر پر مفت دو وقت کا کھانا پہونچایا جارہا ہے ۔ یہ جوڑا مثالی خدمات انجام دیتے ہوئے خوب تعریفیں بٹور رہا ہے ۔ اس علاقے میں کئی ایسے لوگ ہیں جو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ان کی کوئی مدد نہیں کررہا ہے ۔ یہاں تک کہ انہیں کھانے پینے کے لیے بھی مسائل سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ ان تمام چیزوں کا جائزہ لینے کے بعد اس ٹرسٹ نے متاثرین کی خدمت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لکشمی سجاتا خود دو وقت کا کھانا بناتی ہیں اور تمنا سریدھر متاثرین کے گھروں تک کھانا پہونچاتے ہیں ۔ اسی علاقے کے کورونا سے متاثر ہونے والے افراد انہیں 9441128021 فون نمبر پر ٹیلی فون کرتے اور تفصیلات فراہم کرتے ہیں تو ان کے گھروں تک بھی کھانا پہونچایا جائے گا ۔۔