انسٹاگرام پر ریلس بنانے پر باپ نے ریاستی سطح کی ٹینس کھلاڑی بیٹی کو گولی مار دی

   

گروگرام۔10 ۔جولائی (ایجنسیز) ٹینس کی دنیا میں کامیابیاں حاصل کرنے کا خواب دیکھنے والی ایک باصلاحیت نوجوان کھلاڑی کو اس کے حقیقی باپ نے ہی گولی مار کر قتل کر دیا۔ ریاستی سطح پر کئی تمغے حاصل کر چکی 25 سالہ رادھیکا یادو سوشانت لوک فیز-1 علاقے میں مقیم تھی۔ پولیس کے مطابق وہ اسمارٹ فون، خاص طور پر انسٹاگرام پر وقت گزارتی تھی۔ اْس کے والد کئی مرتبہ اسے ریلس بنانے سے منع کر چکے تھے لیکن وہ باز نہ آئی جس پر جمعرات کو والد نے اپنی بیٹی پر پانچ گولیاں چلائیں، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی۔

رادھیکا نے کم عمری میں ہی ٹینس کھیلنا شروع کیا تھا اور ریاستی سطح پر کئی مقابلے جیتے تھے۔ وہ جلد ہی قومی سطح پر شرکت کی تیاری کر رہی تھی، لیکن سوشل میڈیا کے استعمال پر باپ بیٹی کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھتی جا رہی تھی۔بیٹی کو قتل کرنے کے بعد ملزم والد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔ اس واقعے نے مقامی لوگوں اور اسپورٹس کمیونٹی کو گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔ سبھی اس باصلاحیت لڑکی کے اچانک اور المناک انجام پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔