انشاء کی شخصیت و شاعری کے سنجیدہ مطالعہ کی ضرورت ہے ، سمینار میں تاثرات

   

کولکاتہ: شعبہ اردو ویسٹ بنگال اسٹیٹ یونیورسٹی،باراسات نے ‘انشاء اللہ خاں انشاء شخصیت اور فن’ کے موضوع پر 23-24مئی کو دوروزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا جس میں شہر کلکتہ، مضافات اور ملک کی دیگر ریاستوں سے کئی اہم شخصیات نے شرکت کی اور انشاء کی شخصیت اور شاعری پرعلمی و ادبی بحث کی۔ سید انشاء اللہ خاں انشاء ہماری شعری روایت کے انتہائی اہم شاعر ہیں۔ گرچہ اب تک بوجوہ ان کی شاعری اور شخصیت سے متعلق عموما اس طرح گفتگو نہیں کی جاتی جس کی وہ متقاضی ہیں۔ انشا بلاشبہ ہماری شعری روایت کے مشاہیر شعرا میں ہیں، اس لیے ان کا محض نام لے کر اور ان کے بارے میں پہلے سے مشہور چند آدھی ادھوری اور زیادہ تر سرسری باتوں کو دوہرا کر انشا کے ساتھ اور خود اپنی روایت کے ساتھ انصاف نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہارپروفیسر احمد محفوظ نے دوروزہ قومی سیمینار کے افتتاحی اجلاس میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کیا۔