کاماریڈی۔ 18 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چٹھی کی رقم ادا نہ کیے جانے اور رقم طلب کرنے پر مبینہ طور پر دھمکیاں دینے اور حملے کرنے کے خلاف ایک متاثرہ شخص نے کاماریڈی منڈل کے موضع اڈلور میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے کے سامنے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کردی۔ ضلع کاماریڈی کے بی بی پیٹ منڈل کے موضع جنگام سے تعلق رکھنے والے سنتوش ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اس نے اڈلور موضع کے پرتاپ کے پاس 5 لاکھ روپے کی چٹھی ڈالی تھی اور چٹھی کی تمام اقساط ادا کردی تھیں، لیکن چٹھی کی مدت ختم ہوئے 18 ماہ گزرنے کے باوجود اسے رقم واپس نہیں کی گئی۔ سنتوش ریڈی کے مطابق اسے 4 لاکھ 30 ہزار روپے وصول طلب ہیں اور متعدد مرتبہ رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے کے باوجود پرتاپ رقم دینے سے گریز کررہا ہے اور مبینہ طور پر دھمکیاں دے رہا ہے۔ اس نے مزید الزام لگایا کہ جب وہ رقم طلب کرنے کے لیے پرتاپ کے گھر گیا تو اس پر کئی مرتبہ حملہ کیا گیا۔ متاثرہ شخص نے بتایا کہ اس معاملے میں دیون پلی پولیس اسٹیشن سے شکایت بھی کی گئی، لیکن اس کے مطابق پولیس کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ اس نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے کوئی راستہ باقی نہ رہنے پر اسے بھوک ہڑتال شروع کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ سنتوش ریڈی نے مطالبہ کیا کہ اسے انصاف فراہم کرتے ہوئے اس کی واجب الادا 4 لاکھ 30 ہزار روپے کی رقم واپس دلائی جائے۔ اس نے واضح کیا کہ جب تک اسے انصاف نہیں ملتا، وہ اپنی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال ختم نہیں کرے گا۔