انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے خصوصی وکیل استغاثہ کے استعفیٰ پر مختلف قیاس آرائیاں

,

   

منیش سسوڈیا اور کویتا معاملہ میں شدت کے بعد وکیل کے استعفیٰ کو اہمیت، بڑی شخصیت کیلئے وکالت کرنے کا امکان

حیدرآباد۔12۔مارچ(سیاست نیوز) انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دہلی شراب اسکام معاملہ میں کی جانے والی سیاسی قائدین کے خلاف کاروائیوں کے دوران ادارہ کے خصوصی وکیل استغاثہ کے مستعفی ہونے پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ای ڈی کے وکیل نے مستعفی ہونے کی وجوہات کو شخصی بتایا ہے لیکن وہ جلد ہی بہ حیثیت وکیل کسی بڑی شخصیت کے لئے عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی کی جانب سے جاری کاروائیوں کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا کی گرفتاری کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل مسز کے کویتا سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے اور معاملہ مزید طول پکڑنے اور گرفتاریوں کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیںایسے میں نتیش رانا کے استعفیٰ کو کافی اہمیت حاصل ہونے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ جلد ہی حقیقی وجوہات منظر عام آجائیں گی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے خصوصی وکیل استغاثہ نتیش رانا نے پبلک پراسکیوٹر کی ذمہ داریوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ وہ شخصی وجوہات کی بناء پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سرکاری وکیل کی ذمہ داروں سے سبکدوشی اختیار کر رہے ہیں۔ نتیش رانا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مختلف انتہائی اہم اور سرکردہ مقدمات میں پیروی کرچکے ہیں اور وہ منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں برطانیہ کی عدالت میں بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے وکیل کی حیثیت سے پیش ہوچکے ہیں۔ 44سالہ نتیش رانا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے سابق وزیر فینانس پی ۔چدمبرم‘ کانگریس قائد کرناٹک ڈی کے شیو کمار‘ لالو پرساد یادو اور ان کے خاندان ‘ رابرٹ واڈرا کے علاوہ ترنمول کانگریس قائد ابھیشک بنرجی کے خلاف مقدمات میں عدالتوں میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے پیش ہوچکے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ نتیش رانا نے شخصی مصروفیات اور وجوہات کو بنیاد بناتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ وہ جلد ہی عدالتو ںکو اپنے فیصلہ سے واقف کرواتے ہوئے متبادل انتظامات تک مقدمات کے متعلق وقت فراہم کرنے یا کوئی موقف اختیار کرنے کے متعلق واقف کروائیں گے۔ وہ ائیر انڈیا اسکام‘ وجئے مالیا‘ نیروومودی‘ میہول چوکسی‘ کے علاوہ دیگر کئی مقدمات میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے پیش ہوچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نتیش رانا 2015 سے ہی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ جڑہ ہوئے ہیں اور مسلسل اہم مقدمات میں پیروی کرتے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے جموں و کشمیر میں دہشت گردتنظیموں کو معاشی فوائد پہنچانے والے اداروں او ر تنظیموں کے خلاف مقدمہ میں بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے پیروی کی ہے۔جن میں حزب المجاہدین ، لشکر طیبہ اور دیگر تنظیموں کے مقدمات بھی شامل ہیں ۔
نتیش رانا نے اپنے استعفیٰ کے فیصلہ سے ان عدالتوں کو جہاں مقدمات جاری ہیں واقف کروادیا ہے ۔