انقلابی شاعر ورا ورا راؤ کو ضمانت منظورخرابیٔ صحت پر بمبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ

   


حیدرآباد: انقلابی شاعر اور جہد کار ورا ورا راؤکو آخرکار عدالت سے ضمانت مل چکی ہے ۔ بھیما کورے گاؤں کیس میں بمبئی ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کی راہ ہموار کردی ہے۔ اس مقدمہ میں ورا ورا راؤ طویل عرصہ سے جیل میں ہیں۔ عدالت نے مختلف شرائط کے ساتھ 6 ماہ کی میڈیکل بیل منظور کی ہے۔ شرائط کے تحت ورا ورا راؤ کو ممبئی میں قیام کرنا ہوگا اور وہ کسی طرح کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گے ۔ ورا ورا راؤ کے افراد خاندان اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ضمانت کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ورا ورا راؤ کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرکے عدالت سے ضمانت کی درخواست کی گئی تھی ۔ ان کی اہلیہ نے دستور کی دفعہ 21 کے تحت ضمانت کی منظوری کی درخواست کی۔ عدالت نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ورا ورا راؤ کو جیل میں رکھنا ٹھیک نہیں ہے ، لہذا انہیں ضمانت دی گئی ۔ عدالتی کارروائی میں شرکت سے شخصی طورپر استثنیٰ کیلئے درخواست داخل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ عدالت نے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انیل سنگھ کی جانب سے ضمانت کے احکامات پر تین ہفتوں تک روک لگانے سے متعلق درخواست کو مسترد کردیا گیا۔ حال ہی میں ورا ورا راؤ کورونا سے متاثر ہوئے جس کے بعد ان کی صحت میں مسلسل بگاڑ دیکھا جارہا ہے۔ ورا ورا راؤ کی اہلیہ نے خرابیٔ صحت کی بنیاد پر ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔