9 لاکھ سے زائد طلبہ کی شرکت، امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے تحت انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 ء کا کل 5 مارچ سے آغاز ہوگا جو 25 مارچ تک جاری رہیں گے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ نے ضلع کلکٹرس اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ امتحانات کے انتظامات اور امتحانی مراکز پر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ امتحانات میں جملہ 996971 امیدوار حصہ لیں گے جن میں فرسٹ ایئر کے 488448 جبکہ سیکنڈ ایئر کے امیدوار 508523 ہیں۔ ریگولر طلبہ کی تعداد 440788 ہے جبکہ خانگی طلبہ کی تعداد 67735 ہے۔ ریاست بھر میں 1532 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانات کا وقت صبح 9 تا دوپہر 12 بجے رہے گا۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 15 منٹ قبل یعنی 8.45 بجے امتحانی مراکز پہونچ جائیں اور صرف 5 منٹ کی تاخیر تک امیدواروں کو امتحانی مراکز میں داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے واضح کردیا ہے کہ 5 منٹ کے بعد پہونچنے والوں کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ پہلی مرتبہ امتحانات پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نظر رکھی جارہی ہے اور تمام 1532 مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے جس کا کنٹرول روم بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن میں قائم کیا گیا ہے۔ امتحانی مراکز میں 400 گورنمنٹ جونیر کالجس، 242 گورنمنٹ سیکٹر جونیر کالجس، 861 خانگی جونیر کالجس اور 29 اسکولس شامل ہیں۔ امتحانات کی نگرانی کے لئے 1532 چیف سپرنٹنڈنٹس، 29992 انویجلیٹرس، 72 فلائنگ اسکواڈ اور 124 سٹنگ اسکواڈس کو متعین کیا گیا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے ضلع کلکٹرس کو امتحانی مراکز کے انتظامات کی نگرانی کی ہدایت دی ہے۔ امتحانی پرچہ جات متعلقہ پولیس اسٹیشنس کو منتقل کئے گئے تاکہ پرچہ جات کے افشاء کی کوئی گنجائش نہ رہے۔ ضلع واری سطح پر نگران کار کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ امتحانی مراکز میں تقریباً 6 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے اور کالجس کی جانب سے کسی طرح کی نقل نویسی کی سہولت کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔ آر ٹی سی کی جانب سے دور دراز کے علاقوں کیلئے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے امیدواروں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن نمبر 040-24600110 جاری کیا ۔ امیدواروں کو ہال ٹکٹ روانہ کردیئے گئے تاہم وہ بورڈ کے ویب سائٹ tgbie.cgg.gov.in سے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ ہال ٹکٹ پر موجود کیو آر کوڈ سے امتحانی مراکز کو پہونچنے میں مدد ملے گی۔ 1