انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں لڑکیوں کی سبقت برقرار

,

   

سال اول میں 60.5% اور سال دوم میں 64.8% کامیابی کا اعلان

پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم
ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے نتائج جاری کئے

حیدرآباد۔18اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے نتائج کا پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اعلان کیا۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے نتائج میں لڑکیوںنے 10فیصد زیادہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے لڑکوں پر سبقت حاصل کی ہے ۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں انٹرمیڈیٹ سال دوم کے کے نتائج میں کامیابی کا فیصد 64.8 رہا جبکہ سال اول میں کامیابی کا فیصد 60.5رہا ۔انٹر میڈیٹ سال اول میں لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 67.8رہا جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 41رہا۔ڈاکٹر بی جنار دھن ریڈی نے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں منعقد ہوئے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں سال اول میں جملہ 4لاکھ 9ہزار133 امیدواروں نے شرکت کی جبکہ سال اول ووکیشنل کورسس میں 43ہزار520 امیدواروں نے شرکت کی ۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل میں شرکت کرنے والے جملہ 4لاکھ 9ہزار133 امیدواروں میں2لاکھ 47 ہزار407 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جبکہ ووکیشنل سال اول میں 43ہزار520 امیدوارو ںمیں 23ہزار168 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔انٹرمیڈیٹ سال دوم میں ریگولر میں3 لاکھ 82ہزار534امیدواروں نے شرکت کی اور خانگی 68ہزار960 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی تھی ۔ اس کے علاوہ ریگولر ووکیشنل سال دوم میں 35ہزار737 اور خانگی ووکیشنل میں شرکت کرنے والوں میں 3121 امیدوار شامل ہیں۔ سال دوم کے امتحانات میں ریگولر شرکت کرنے والے جملہ3لاکھ 82ہزار534 امیدواروں میں 2 لاکھ 47 ہزار 755امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جبکہ خانگی امیدواروں کی کامیابی کا فیصد 24.5ہی رہا۔ ووکیشنل ریگیولر میں کامیابی حاصل کرنے والوں کا فیصد 67.7رہا جبکہ خانگی ووکیشنل میں کامیابی حاصل کرنے والوں کا فیصد 46رہا۔ڈاکٹر بی جنار دھن ریڈی کے علاوہ انٹر کے نتائج کے اعلان کے وقت سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ مسٹر اے اشوک اور دیگر اعلی عہدیداران موجود تھے۔ ڈاکٹر بی جنار دھن ریڈی نے گذشتہ 3برسوں کے نتائج کے فیصد سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ سال دوم کے نتائج سال2017 میں کامیابی کا فیصد 67رہا جبکہ سال گذشتہ کامیابی کا فیصد 67.06رہا تھا۔ سال اول میں 2017کے دوران 57.37کامیابی کا فیصد رہا اور سال 2018 میں کامیابی کا فیصد 62.73 تھا۔اس سال یعنی 2019میں سال اول میں کامیابی کا فیصد 60.5 رہا ۔