ڈیجی لاکر کے ساتھ انٹر بورڈ کا معاہدہ ، لاکھوں طلبہ کا ڈیٹا محفوظ رہنا یقینی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں تعلیمی نظام اور طلبہ کے ڈیٹا کو جدید اور شفاف بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے فیصلے کے مطابق اگلے مارچ میں ہونے والے انٹر میڈیٹ سالانہ امتحانات میں شرکت کرنے والے تمام طلبہ کے مارکس سرٹیفیکٹس (Memos) پر 11 ہندسوں کا ’ پرمانیٹ ایجوکیشن نمبر ‘ (PEN) پرنٹ کیا جائے گا ۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد انٹر میڈیٹ کے بعد طلبہ کی اعلیٰ تعلیم کے سفر ، ڈراپ آوٹس یا دیگر ریاستوں میں منتقل ہونے کو ٹریک کرنا ہے ۔ انٹر بورڈ کی سکریٹری ابھیلاشا ابھنیو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ریاست کے تقریبا 9.75 لاکھ انٹر میڈیٹ سال اول و دوم کے طلبہ کو اس نظام کے تحت لایا جارہا ہے ۔ اب تک انٹر میڈیٹ کے بعد تعلیم چھوڑ دینے والے یا دوسرے ریاستوں کا رخ کرنے والے طلبہ کا کوئی سنٹرل ڈیٹا یا ٹریکنگ سسٹم موجود نہیں تھا PEN کے ذریعے طلبہ کا مکمل تعلیمی ریکارڈ محفوظ نہیں تھا ۔ PEN کے ذریعے طلبہ کا مکمل تعلیمی ریکارڈ محفوظ رہے گا ۔ فی الوقت یہ PEN نمبر Udize پورٹل کے ذریعے اسکول کی سطح پر فراہم کیا جاتا ہے اور سال 2024 سے دسویں جماعت کی اسناد پرنٹ ہورہا ہے ۔ انٹر بورڈ ’ سمگراشکشا ‘ کے تعاون سے انٹر میڈیٹ کے طلبہ کے لیے بھی نافذ کررہا ہے ۔ آگ کے حادثات اور سیلاب جیسی قدرتی آفات میں تعلیمی اسناد کے ضائع ہونے کا خطرہ ختم کرنے کیلئے انٹر بورڈ نے ڈیجی لاکر ایجنسی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے ۔ طلبہ کے سرٹیفیکٹس کو Digilocker میں محفوظ کرنے کے لیے 12 ہندسوں کی اپار ( One nation one student ID ) الاٹ کی جاتی ہے ۔ اسے اپار پورٹل سے حاصل کرنے کے لیے آدھار نمبر اور والدین کی رضا مندی ضروری ہے ۔ انٹر میڈیٹ بورڈ سکریٹری کے مطابق فی الوقت 82 سے 85 فیصد انٹر میڈیٹ طلبہ کے پاس ’ اپار آئی ڈی ‘ موجود ہے اور باقی طلبہ کی کارروائی بھی جلد مکمل کرلی جائے گی ۔ ڈیجی لاکر پر تعلیمی اسناد کے علاوہ پیان کارڈ ، آدھار اور ڈرائیونگ لائسنس بھی محفوظ کیے جاسکتے ہیں ۔۔ 2/m/b