انٹرمیڈیٹ نتائج بے قاعدگی کا معاملہ

,

   

طلبہ ، حوصلہ بلند رکھیں، حکومت انصاف کرے گی
جانچ کمیٹی کی اندرون 2 یوم رپورٹ کے ساتھ ہی کارروائی :وزیر تعلیم جگدیش ریڈی

حیدرآباد 23 اپریل (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ کے نتائج کو لے کر اپوزیشن جماعتیں سیاست کررہی ہیں۔ ایسی حرکتوں سے طلبہ میں مایوسی پیدا ہوگی۔ طلبہ کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انٹر کے نتائج میں ہوئی بے قاعدگیوں کی جانچ کے لئے حکومت نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اندرون دو یوم رپورٹ حاصل ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔ والدین اور سرپرستوں کو چاہئے کہ حوصلہ بلند رکھیں۔ حکومت ہر طرح سے انصاف کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے آج سوریا پیٹ میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ انٹرمیڈیٹ بورڈ میں اندرون اختلافات یا ٹکنیکل خرابی سے ہوا ہے اس کی تحقیقات جاری ہیں اور کہاکہ اس طرح کی افواہیں کہاں سے اور کیونکر پیدا ہوئیں حکومت اس پر توجہ مرکوز کی ہے۔ جلد از جلد قصوروار افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ کے حاصل ہوتے ہی نتائج پر دھاندلیوں اور افواہوں سے اثرانداز ہوئی پر کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ انھوں نے اپوزیشن جماعتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی کی رپورٹ سے قبل ہی یہ جماعتیں طلبہ اور والدین کی حوصلہ شکنی کرنے اور غیر ضروری گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کل شام تک کمیٹی کی رپورٹ حاصل ہونے کی توقع ہے اگر اس میں کسی بھی رتبہ کا عہدیدار ملوث ہو تو حکومت سخت کارروائی کرے گی اور کہاکہ حکومت طلبہ اور والدین و سرپرستوں کے جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہاکہ طلبہ کو اگر کسی بھی قسم کی بدعنوانی ہونے کا خدشہ ہو تو ہر سال کی طرح جاریہ سال بھی جوابی بیاض کی دوبارہ جانچ یا ری کاؤنٹنگ کے لئے درخواستیں دے سکتے ہیں۔ انھوں نے طلبہ اور سرپرستوں سے صبر و تحمل سے کام لینے پر زور دیا۔ اُنھوں نے اپوزیشن پر تنقید کی کہ وہ اِس مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ عالمی سطح کی ایجنسی کے خلاف کارروائی کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی فنی مسائل پیدا ہوئے ہیں تو اِس سے نمٹا جائے گا۔ عملہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے مزید کہاکہ طلبہ کو اِس سلسلہ میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے لئے فیس کی ادائیگی کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ 27 اپریل تک فیس ادا کی جاسکتی ہے۔ طلبہ کا کوئی نقصان ہونے نہیں دیا جائے گا، حکومت اِن کے مسائل کو حل کرے گی۔ جن لوگوں کو امتحانی پرچہ جات پر شبہات ہیں وہ دوبارہ جانچ یا دوبارہ گنتی کی درخواست کرسکتے ہیں۔ اب تک 4,400 درخواستیں دوبارہ جانچ کے لئے وصول ہوئی ہیں اور 800 درخواستوں میں ری کاؤنٹنگ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔