انٹرنیٹ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے استعمال میں چوکسی ضروری

   

نوجوان نسل میں سائبر جرائم پر شعور بیداری ، دیویندر سنگھ چوہان کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 مارچ ( سیاست نیوز) انٹرنیٹ کے استعمال میں احتیاط ہی دھوکہ ، فریب اور نقصانات سے بچنے کا واحد ذریعہ ہے ۔نوجوان نسل کو چاہیئے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں چوکنا رہیں اور کسی بھی اجنبی پر بھروسہ نہ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس رچہ کنڈہ دیویندر سنگھ چوہان نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں ابراہیم پٹنم کا ایک انجنیئرنگ کالج میں طلبہ کو مخاطب کیا ۔ سائبر جرائم سے آگہی کے موضوع پر رچہ کنڈہ سیکوریٹی کونسل کیجانب سے شعور بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس نے نوجوان نسل کو سائبر جرائم کے متعلق آگہی کروائی اور احتیاط سے متعلق مفید مشورے دیئے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ پبلک وائیفائی کے مقامات پر آن لائن لین دین سے پرہیز کریں اور اپنے کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ کے استعمال میں احتیاط سے کام لیں ۔ پبلک وائی فائی کے مقامات پر اکثر دھوکہ دہی کے معاملات منظر عام پر آئے ہیں ۔ ذرا سی غفلت محنت کی کمائی اور عزت کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا استعمال کرنے والے نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تصاویر اور نجی تفصیلات کو عام کرنے میں احتیاط سے کام لیں چونکہ سائبر دھوکہ باز کسی بھی انداز سے آپ کے نجی معاملات میں دخل اندازی کرسکتے ہیں اور پریشان کرسکتے ہیں ۔سائبر دھوکہ بازوں کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی قسم کی سائبر دھوکہ دہی کے متعلق فوری مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیں ۔ پولیس شکایت گزار اور متاثرہ افراد کی شناخت کو معاملہ کی حساسیت کی بناء پر راز میں رکھے گی ۔ انہوں نے سائبر دھوکہ دہی پر فوری 1930 ٹول فری پر فون کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر رچہ کنڈہ یو سیکورٹی کونسل اور پولیس کے دیگر اعلیٰ شریک تھے ۔ع