انٹر ایجوکیشن کا محکمہ اسکول ایجوکیشن میں انضمام، نئے جی او کی تیاری

   

آئندہ تعلیمی سال سے خانگی اسکولس میں گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے آغاز کا منصوبہ
حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز ) انٹر ایجوکیشن کو محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ساتھ انضمام کرنے کے تناظر میں پرائیویٹ اسکولس اور جونیئر کالجس کو اجازت دینے سے متعلق سرکاری احکام میں ترمیم کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے انٹر بورڈ سکریٹری ابھیلاشا ابھینو کو اس انضمام کی ذمہ داری سونپی ہے ، جس کے تحت گزشتہ تین دنوں سے محکمہ سرکاری امتحانات کے ڈائرکٹر کے لنگایا اور سمگرا شکشا اسٹیٹ پروجیکٹ ڈائرکٹر پی وی سری ہری انٹر بورڈ کے دفتر پہنچ کر سکریٹری سے تفصیلی مشاورت کر رہے ہیں۔ فی الحال اسکولس کو جی او 1 کے تحت شناخت اور جونیئر کالجس کو جی او 29 کے تحت اجازت و الحاق جاری کیا جاتا ہے ، تاہم انٹر ایجوکیشن کے محکمہ تعلیم کے دائرہ کار میں آنے کے بعد ان دونوں جی اوز کی جگہ ایک ہی متحدہ جی او جاری کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ملازمین کی سروس سے متعلق جی اوز کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضروری ترامیم پر کام جاری ہے۔ سکریٹری انٹر بورڈ نے بتایا کہ اجازتوں، الحاق اور دیگر امور پر مشتمل مسودہ رپورٹ آئندہ ہفتے سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دی جائے گی، جس پر تعلیمی اداروں کے مالکان اور ماہرینِ تعلیم کی آراء طلب کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ اس وقت ریاست کے 1,363 کالجس میں کلاسس جاری ہیں، جبکہ 450 پرائیویٹ جونیئر کالج اور اسکول ایک ہی کیمپس میں واقع ہیں۔ اگر تعلیمی اداروں کے مالکان دلچسپی ظاہر کریں تو آئندہ تعلیمی سال 2027-28 سے ان اسکولس میں 11 ویں اور 12 ویں جماعتوں کے آغاز کی اجازت دی جائے گی، جبکہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ 2028-29 اور 2029-30 تک باقی خانگی کالجس کو بھی نرسری تا بارہویں جماعت مربوط اسکولس میں تبدیل ہونے کی اجازت فراہم کر دی جائے گی۔-2