انٹر سال اول کے اگست میں امتحانات کے انعقاد کا امکان

   

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی تجویز حکومت قبول کریگی یا نہیں اس پر تجسس برقرار
حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے امتحانات کی منسوخی کے بعد سکنڈ ایئر میں پروموٹ ہونے والے فرسٹ ایئر کے طلبہ کو آئندہ ماہ اگست میں امتحانات کا انعقاد کرنے کی تجویز تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کردی ہے۔ حکومت کی جانب سے منظوری حاصل ہوتے ہی امتحانات کا انعقاد کرے گی۔ کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے کی وجہ سے ماہ مئی میں منعقد ہونے والے انٹر سال اول اور انٹر سال دوم کے امتحانات کا انعقاد نہیں ہوگا۔ حکومت نے دونوں امتحانات کو منسوخ کردیا تھا اور فرسٹ ایئر کے طلبہ کو سکنڈ ایئر میں پروموٹ کردیا اور سکینڈ ایئر کے طلبہ کو فرسٹ ایئر مارکس کی بنیاد پر کامیاب کردیا تھا۔ اسی وقت کہا گیا تھا کہ حالت ٹھیک ہونے پر دوبارہ امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے آئندہ ماہ اگست میں امتحانات کا انعقاد کرنے کی تجویز تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کردی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہکہ سائنسداں اور ماہرین تعلیم کی جانب سے ستمبر یا اس کے بعد کورونا کی تیسری لہر آنے کی پیش قیاسی کی جارہی ہے۔ امتحانات کے انعقاد کے لئے ماہ اگست محفوظ ہے۔ حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ ماہ مئی میں منعقد ہونے والے امتحانات کیلئے 4,59,009 طلبہ نے فیس ادا کی تھی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی تجویز کو حکومت قبول کرے گی یا نہیں اس پر تجسس پایا جاتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بیشتر طلبہ اپنے نشانات کو بہتر بنانے کیلئے امتحانات میں شرکت کرنے کے خواہش مند ہیں تاکہ پروفیشنل کورسیس میں داخلے کیلئے سہولت ہوسکے۔