QR کوڈ، UV فائبر اور ہولوگرام، انٹرمیڈیٹ بورڈ کا سخت قدم
حیدرآباد ۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے انٹرمیڈیٹ بورڈ نے فرضی اور جعلی میموز کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کیلئے میموز پر موجود حفاظتی خصوصیات کو 18 سے بڑھا کر 25 کردیا ہے۔ نئی اور جدید سیکوریٹی خصوصیات کے تیار کردہ میموز اسی تعلیمی سال سے طلبہ کو فراہم کئے جائیں گے۔ انٹربورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ اب میمو ایسے خصوصی کاغذ پر پرنٹ کئے جائیں گے جو پھٹتا ہے اور نہ آسانی سے خراب ہوتا ہے اور گیلا ہونے پر بھی محفوظ رہتا ہے۔ اس کاغذ پر پلاسٹک کی ہلی تہہ موجود ہوگی۔ اس کے علاوہ پہلے استعمال ہونے والے 120 جی ایس ایم کاغذ کے بجائے اب 180 جی ایس ایم کا استعمال کیا جائے گا۔ نئے میموز میں الٹرا وائلٹ (UV) فلوروسینٹ سیکوریٹی فائبر، QR کوڈ، ہولوگرام، واٹر مارک، پاسپورٹ سائز کلر فوٹو اور PEN (مستقل تعلیمی نمبر) شامل کیا گیا ہے۔ سب سے اہم خصوصیت QR کوٹ ہے جسے اسکیان کرتے ہی چند سیکنڈ میں طالب علم کی مکمل تفصیلات آن لائن دستیاب ہوجائے گی۔ انٹربورڈ نے گزشتہ برسوں کے میموز کا ڈیجیٹل ڈیٹا ویب سائیٹ پر محفوظ کردیا ہے۔ سنٹر فار گڈ گورننس کے تعاون سے طلبہ کا ڈیٹا آن لائن نظام سے منسلک کیا گیا ہے جس کے باعث QR کوڈ کو اسکیان کرتے ہی یہ واضح ہوجائے گا کہ میمو اصلی ہے یا جعلی۔ حال ہی میں انٹرمیموز کے تعلق سے شکایات موصول ہورہی تھیں۔ خاص طور پر خانگی کمپنیوں اور فوج کی بھرتی کے دوران امیدواروں کے سرٹیفکیٹس پر شکوک و شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ اسی تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ متعلقہ اداروں اور وزارت دفاع کو فوری اور مستند تصدیق ممکن ہوسکے۔ عہدیداروں نے انٹر میموز کی سیکوریٹی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف فرضی پرنٹنگ اور چھیڑچھاڑ کو روکیں گے بلکہ طلبہ کی اسناد پر اعتماد بھی حال کریں گے۔2
