تربیت کے دوران 10 ہزار روپئے ماہانہ اسٹائیفنڈ ، سالانہ ڈھائی لاکھ روپئے تنخواہ ، اعلیٰ تعلیم کی سہولت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ انٹر میڈیٹ کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو سافٹ ویر ملازمتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ہر سال 20 ہزار گورنمنٹ جونیر کالجس کے طلبہ کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر حکومت اور ایچ سی ایل ٹکنالوجی کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کی گئی ہے ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ گورنمنٹ جونیر کالجس کے سال دوم طلبہ کے لیے میاتھس سبجکٹ کا آن لائن میں امتحان منعقد کیا جائے گا ۔ اس امتحان میں کم از کم 60 مارکس حاصل کرنے والے طلبہ کا ورچول انٹرویو انعقاد کرتے ہوئے سافٹ ویر ملازمتوں کے لیے انتخاب کیا جائیگا ۔ منتخب طلبہ کو آن لائن میں 6 ماہ تک تربیت فراہم کی جائے گی ۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد ایچ سی ایل ٹکنالوجیز آفس میں چھ ماہ تک انٹرنشپ کا موقع فراہم کیا جائے گا اور ہر ماہ 10 ہزار روپئے اسٹائیفنڈ فراہم کیا جائے گا ۔ اس کے بعد سالانہ 2.5 لاکھ روپئے تنخواہ کے ساتھ ملازمت کو مستقل کیا جائے گا ۔ ساتھ ہی طلبہ ملازمتیں کرتے ہوئے بٹس ، سائنس اور امیٹی یونیورسٹیز میں انٹی گریٹیڈ ڈگری کی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں ۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ دیہی غریب طلبہ کے لیے یہ سنہری موقع ہے ۔ آئندہ سال 15 مارچ سے منعقد ہونے والے انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کو سخت نگرانی میں انعقاد کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ امتحانات کے انعقاد سے نتائج تک خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیا ۔۔ ن