انٹر میڈیٹ میں اقلیتی اقامتی جونیر کالجس کے شاندار نتائج

   

فرسٹ ایئر میں 80 فیصد اور سیکنڈ ایئر میں 87 فیصد طلبہ کامیاب، یتیم لڑکی ہریکا نے 98.9 فیصد نشانات حاصل کئے
حیدرآباد۔/29 جون، ( سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات میں اقلیتی اقامتی جونیر کالجس کے طلبہ کے شاندار نتائج رہے۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ کے مطابق فرسٹ ایئر کے نتائج 80 فیصد جبکہ سیکنڈ ایئر کا نتیجہ 87.03 فیصد رہا۔ فرسٹ ایئر میں 204 اقامتی جونیر کالجس کے 9336 طلبہ نے امتحان میں حصہ لیا جن میں 7468 نے کامیابی حاصل کی۔ سیکنڈ ایئر میں 83 جونیر کالجس کے 3746 طلبہ نے شرکت کی اور 3260 طلبہ کامیاب رہے۔ 19 کالجس کا نتیجہ صد فیصد رہا۔ بی شفیع اللہ کے مطابق ایک یتیم لڑکی نے فرسٹ ایئر میں 98.9 فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے تمام اقامتی جونیر کالجس میں نمایاں مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 121 جونیر کالجس کو تعلیمی سال 2021-22 میں اَپ گریڈ کیا گیا ان میں سے پہلے بیاچ نے امتحانات میں شرکت کی۔ بی شفیع اللہ نے بی پی سی، ایم پی سی، ایم ای سی، سی ای سی، ایچ ای سی اور دیگر گروپس میں طلبہ کے نمایاں مظاہرہ کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جگتیال گرلز I جونیر کالج سے تعلق رکھنے والی طالبہ ایس ہریکا نے انٹر میڈیٹ فرسٹ ایئر میں 470 کے منجملہ 465 نشانات حاصل کئے۔ والدین کے انتقال کے بعد اس طالبہ نے کافی محنت سے تعلیم حاصل کی۔ جگتیال کی متوطن اس طالبہ نے سافٹ ویر میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اسی شعبہ میں اپنے کیریئر کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سافٹ ویر انجینئر بن سکے۔ جونیر کالجس کے طلبہ کے والدین اور سرپرستوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور حکومت کے مشیر اے کے خاں نے طلبہ کو شاندار مظاہرہ پر مبارکباد پیش کی۔ پرنسپلس اور اسٹاف کی بھی ان کی محنت پر ستائش کی گئی۔ر