حیدرآباد۔ انٹرمیڈیٹ سال اول اور دوم کے 7 اپریل سے منعقد ہونے والے پریکٹیکل امتحانات کے ملتوی کئے جانے کے امکان ہے کیو نکہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے حکومت سے یہ سفارش کی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس معاملہ میں آئندہ دو یوم کے دوران کوئی قطعی فیصلہ کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کردیا جائے گا۔ بورڈ کی جانب سے 28مئی کے بعد پریکٹیکل امتحانات کے انعقاد کی تجویز بھی روانہ کی گئی ہے تاکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اور جے ای ای کے اہلیتی امتحان کے بعد انٹرمیڈیٹ پریکٹیکل امتحانات منعقد کئے جائیں۔تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شرکت کیلئے تاحال 9لاکھ 32ہزار 337 امیدواروں نے فیس جمع کرواتے ہوئے اپنا اندراج کروایا ہے جس میں 4 لاکھ 58ہزار 814 انٹرمیڈیٹ سال اول اور 4لاکھ 73ہزار523 کا تعلق انٹرمیڈیٹ سال دوم سے ہے۔عہدیداروں کے مطابق پریکٹیکل امتحانات کے التواء کے سلسلہ میں حکومت تلنگانہ کو تجاویز روانہ کردی گئی ہیں۔