عنقریب شیڈول کی اجرائی، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 5 فبروری (سیاست نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے واضح کردیا کہ انٹر پراکٹیکل امتحانات منسوخ کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے۔ بورڈ کی جانب سے ایک دو دن میں پراکٹیکل امتحانات کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔ چند دن سے میڈیا میں قیاس آرائیاں ہورہی تھیں کہ اس مرتبہ بھی کورونا کی وجہ سے 24 دن تک تعلیمی اداروں کو تعطیلات دینے کی وجہ سے نصابی تعلیم مکمل نہیں ہورہی ہے جس پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے پراکیٹکل امتحانات منسوخ کردیئے جائیں گے۔ ان قیاس آرائیوں سے طلبہ اور ان کے والدین میں تجسس پایا جارہا تھا جس کو آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے دور کردیا ہے۔ گذشتہ سال کورونا بحران کی وجہ سے پراکٹیکل امتحانات کو منسوخ کردیا تھا۔ اس سال بھی منسوخ کرنے کی افواہوں کے پیش نظر بورڈ نے یہ وضاحت کردی ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے انٹر فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر سالانہ امتحانات کی فیس ادخال کی تاریخ میں 10 فبروری تک توسیع دے دی ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ امتحانات کی تیاری کریں۔ تھیوری اور پراکٹیکل دونوں امتحانات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ن