حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کونسل آف ہائر ایجوکیشن (ٹی جی سی ایچ ای) کی جانب سے انڈر گریجویٹ کورسیس کے نصاب میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے انہیں عالمی سطح کے رجحان اور مارکٹ کی مانگ کے مطابق بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کونسل کی جانب سے کل نصاب پر نظرثانی کے اقدامات کرنے کی توثیق کی گئی ہے۔ اس کونسل نے اس کے چیرمین اور وائس چیرمین کی قیادت میں مضمون واری کمیٹیاں قائم کی ہیں۔ نئے نصاب پر توقع ہیکہ جلد عملدرآمد ہوگا۔ بہتری کیلئے تبدیلی لانے کے اس عمل میں اہم توجہ تھیوریٹیکل نالج اور پراکیٹکل مہارتوں میں توازن پیدا کرنا ہے۔ اس طرح طلبہ کو انڈسٹری کی ضرورت کیلئے تیار کرنا ہے۔ تلنگانہ کونسل اف ہائر ایجوکیشن نے نئے نصاب کے اصل مقاصد کا تذکرہ کیا ہے جس میں طلبہ کو انڈسٹری کیلئے تیار کرنا شامل ہے۔ اس میں جامع انداز اور اشتراک کیلئے کونسل نے مختلف اسٹیک ہولڈرس بشمول ماہرین تعلیم، انڈسٹری ماہرین، طلبہ اور پالیسی سازوں سے تجاویز طلب کئے ہیں۔ نیز، طلبہ کو پراکٹیکل ایکسیوژر فراہم کرنے کیلئے کونسل کی جانب سے اعلیٰ تعلیم، حکمرانی، پالیسی میکنگ اور ادارہ جاتی مینجمنٹ میں حالیہ گریجویٹس اور ینگ پروفیشنلس کیلئے ایک انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اس انٹرن شپ پروگرام میں ریسرچ اور انٹرن شپس کیلئے یو جی سی کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کیا جائے گا۔