انڈونیشیا کے صدر کا راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال کیا گیا

,

   

نئی دہلی : ہندوستان کے دورہ پر آئے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کا وزیراعظم کے ساتھ بات چیت سے پہلے آج راشٹرپتی بھون میں روایتی استقبال کیا گیا۔ انڈونیشیا کے صدر پہلی بار ہندوستان کے سرکاری دورہ پر آئے ہیں۔ وہ کل ہندوستان کے 76ویں یوم جمہوریہ کی تقاریب میں مہمان خصوصی ہوں گے ۔ آج ان کا وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کا پروگرام ہے ۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون کے احاطے میں مسٹر سوبیانتو کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک خاص دوست کا خصوصی استقبال! صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نے انڈونیشیا کے صدر کا ہندوستان کے پہلے سرکاری دورہ پر پرتپاک استقبال کیا۔ صدر پرابوو کا راشٹرپتی بھون کے صحن میں رسمی استقبال اور گارڈ آف آنر دیا گیا۔ صدر پرابوو نے بعد میں میڈیا کو بتایاکہ انڈونیشیا ہندوستان کو بہت اچھا دوست مانتا ہے ۔ ہندوستان پہلا ملک تھا جس نے ہماری آزادی کو تسلیم کیا اور ہماری جدوجہد آزادی میں ہمارا ساتھ دیا۔ ہم یہ کبھی نہیں بھولیں گے ۔ میں ہندوستان کے ساتھ قریبی تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے پرعزم ہوں، یہ میرا پختہ عزم ہے ۔ بعد میں وہ راج گھاٹ گئے اور گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جمعرات کو ہندوستان پہنچنے والے صدر پرابوو نے جمعہ کو خان مارکیٹ میں کتابوں کی دکان کا دورہ کیا اور اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی۔

انڈونیشیا کے صدر کا
پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ
نئی دہلی :انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ مسٹر سوبیانتو آزاد ہندوستان کے 76ویں قومی یوم جمہوریہ کی تقاریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کیلئے ہندوستان میں ہیں۔ انہوں نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ہندوستان کے بھرپور پارلیمانی نظام پر بات کی، اور پارلیمنٹ کمپلیکس کے فن تعمیر کی تعریف کی۔اس موقع پر مسٹر برلا نے آئین ہند کی ایک کاپی اور پارلیمنٹ ہاؤس کی ایک نقل مسٹر پرابوو سوبیانتو کو پیش کی ۔ ہندوستان اور انڈونیشیا کے تعلقات ہزاروں سال پرانے ہیں۔ ہمارے ثقافتی اور تہذیبی رشتے وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں جیسا کہ رامائن اور مہابھارت سے ظاہر ہوتا ہے ۔