پارٹی کارکنوں سے چیف منسٹر ٹاملناڈو کا خطاب
چنائی: سرمایہ کاری حاصل کرنے کیلئے اسپین کا دورہ کر رہے ٹاملناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے اپنی پارٹی ’ڈی ایم کے‘ کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ سخت محنت کریں اور آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ٹاملناڈو کی تمام 39 سیٹوں اور پڈوچیری میں ایک سیٹ پر انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) کی جیت کو یقینی بنائیں۔ڈی ایم کے کے نظریہ ساز اور ٹاملناڈو کے آنجہانی وزیر اعلیٰ سی این انادورائی کی برسی کے موقع پر ہفتہ کو کارکنوں کے نام ایک خط میں اسٹالن، جو ڈی ایم کے کے صدر بھی ہیں، نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اس وقت تک آرام سے نہ بیٹھیں جب تک کہ انڈیا بلاک ٹاملناڈو اور پڈوچیری میں تمام سیٹیں نہیں جیت لیتا۔انادورائی کا ڈی ایم کے کارکنوں سے جذباتی تعلق ہے، کیونکہ وہ ٹاملناڈو میں دراوڑ پارٹی کے پہلے وزیر اعلیٰ تھے۔ اسٹالن نے خط میں کہا کہ جائیں اور لوگوں کو ڈی ایم کے حکومت کی کامیابیوں کے بارے میں بتائیں اور کس طرح مرکز کی بی جے پی حکومت نے ٹاملناڈوکے ساتھ دھوکہ کیا۔انہوں نے کارکنوں کو متنبہ کیا کہ بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے پارٹی کے خلاف پروپیگنڈہ جاری رکھیں گے اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے پریشان نہ ہوں۔ اسٹالن نے کہا کہ ہم اپنے فیلڈ ورک کے ذریعے ثابت کریں کہ ہم کسی چیز سے نہیں ڈرتے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مرکزی عبوری بجٹ میںٹاملناڈو اور دیگر کئی ریاستوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی یقین ظاہر کیا کہ مرکز میں اگلی حکومت انڈیا بلاک کی بنے گی اور ریاستوں کی خودمختاری کا تحفظ کیا جائے گا۔