نئی دہلی : حکومت ہند نے آج کہا کہ ملک میں کوویڈ ۔ 19 ویکسین لگانے کی مہم 16 جنوری کو شروع کی جائے گی اور تقریباً 3 کروڑ ہیلت کیر اور فرنٹ لائن ورکرس کو ترجیح دی جائے گی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کوویڈ صورتحال اور ویکسین لگانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ تفصیلی غور و خوص کے بعد طے کیا گیا کہ لوہری ، مکرسنکرانتی ، پونگل ، مگھ بیہو وغیرہ کے بشمول آنے والے تہواروں کے مدنظر کورونا ٹیکہ اندازی 16 جنوری 2021 سے شروع کردی جائے ۔ شعبہ صحت اور بنیادی سطح پر کام کرنے والے ورکرس جیسے پولیس وغیرہ کو ترجیح دی جائے گی جو زائد از 50 سال کی عمر کے ہیں ۔ 50 سال سے کم عمر والے گروپ کو ٹیکہ مختلف امراض سے متاثر ہونے کی صورت میں لگایا جائے گا ۔ اس طرح مجموعی طور پر لگ بھگ 27 کروڑ ہندوستانیوں کا احاطہ ہوگا ۔ ملک میں کورونا وائرس انفکشن کے 2,24,190 زیر علاج مریض ہیں جو جملہ متاثرین ( 1.04 کروڑ ) کا 2.16 فیصد ہوتا ہے ۔ وزارت صحت کے مطابق زائد از 1.5 لاکھ مریض ابھی تک کورونا سے فوت ہوئے ہیں ۔