برسبین: آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان برسبین میں کھیلے جارہے تیسرے ٹسٹ کے پہلے دن مسلسل بارش نے کھیل میں رخنہ ڈالا اور ہفتہ کو خراب موسم کی وجہ سے صرف 13.2 اوور ہی پھینکے جاسکے ۔ انڈیا نے ٹاس جیتنے کے بعد میزبانوں کو بیٹنگ کیلئے بھیجا، آسٹریلیا نے عثمان خواجہ (47گیندوں پر 19 رنز) اور نیتھن میک سوینی (33گیندوں پر 4رنز) 28/0 اسکور کئے۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما نے پہلے گیندبازی کرنے کے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ موسم ابر آلود تھا اور پچ پر گھاس نرم تھی۔ روہت نے کہا کہ ہم حالات کا بہترین استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ہندوستان نے رویندر جڈیجا اور آکاش دیپ کو اپنی پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے جس میں روی چندرن اشون اور ہرشیت رانا کی جگہ دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ آسٹریلیائی کپتان پیاٹ کمنز نے ٹاس ہارنے کے بعد اعتراف کیا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کرتے۔ تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ہم نے ایک تبدیلی کے ساتھ اسکاٹ بولینڈ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کو ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں نے اچھی شروعات کی۔ محمد سراج اور آکاش دیپ نے آسٹریلیائی اوپنرز کو رن بنانے سے مکمل طور پر روکے رکھا۔ سراج کو موومنٹ مل رہی تھی جس کی وجہ سے خواجہ کیلئے بیٹنگ کرنے میں مشکل ہوئی جبکہ آکاش نے اپنے 3.2 اووروں میں صرف دو رن دیئے ۔ تاہم موسم کی خرابی کے باعث کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل ہی موسلادھار بارش شروع ہوگئی جس کے باعث کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنا پڑا۔