وائرس سے پاک علاقوں میں 20 اپریل سے بعض شعبوں کیلئے لاک ڈاؤن میں نرمی
نئی دہلی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت صحت نے ہندوستان بھر میں 170 اضلاع کی کوویڈ۔ 19 ہاٹ اسپاٹس اور 207 اضلاع کی نان ہاٹ اسپاٹس کے طور پر نشاندہی کی ہے۔ عہدیداروں نے چہارشنبہ کو اس جانکاری کے ساتھ اعادہ کیا کہ ابھی تک ملک میں یہ بیماری کمیونٹی ٹرانسمیشن کے زیادہ مہلک مرحلہ تک نہیں پہنچی ہے۔ وزارت کے جوائنٹ سکریٹری لوواگروال نے کوروناوائرس کی قومی سطح پر صورتحال کے بارے میں تازہ اطلاعات کی فراہمی کے سلسلہ میں روزنامہ کی بریفنگ میں کہا کہ ریاستوں سے کہا گیا ہیکہ اضلاع کی زمرہ بندی کریں جہاں زیادہ تعداد میں کورونا کے کیس پائے گئے ہیں۔ ایسے اضلاع کو ہاٹ اسپاٹس قرار دیا جائے اور کم کیسوں والے اضلاع کو نان ہاٹ اسپاٹس قرار دیا جائے جبکہ کوئی بھی کیس نہ پائے جانے پر متعلقہ علاقہ کو گرین زون کے زمرہ میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے 20 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن تحدیدات میں بعض شعبوں کیلئے نرمی کرنے میں مدد ملے گی۔ مرکزی حکومت نے آج اس ضمن میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جس کے مطابق خصوصی معاشی منطقے میں زرعی، تعمیراتی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی یونٹوں اور دیہی علاقوں کے علاوہ بعض دیگر شعبوں کو بھی تحدیدات سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ یہ اقدام ملک کی پہلے سے پریشان حال معیشت کو دوبارہ سرگرم کرنے اور کروڑوں لوگوں کو مہلک وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہونے والی مشکلات کو گھٹانے کی کوشش ہے۔ نیشنل لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ آج چہارشنبہ کو نافذ العمل ہوگیا جس کے ساتھ وزارت امورداخلہ نے بعض شرائط کے ساتھ تحدیدات میں نرمی کیلئے نظرثانی شدہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ ان نرمیوں میں مرکزی معتمد داخلہ اجئے بھلا نے متنبہ کیا کہ ایک دوسرے کے ساتھ جسمانی فاصلے کو برقرار رکھنا ہوگاا ور اگر لاک ڈاؤن کے قواعد کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو نرمی سے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی۔ یہ اس لئے ہے کیونکہ کوروناوائرس کے کیسوں میں آج متواتر دوسرے روز 1000 کا اضافہ ہوا۔ 40 روزہ لاک ڈاؤن کی مدت 3 مئی کو ختم ہوتی ہے۔ متاثرین کی جملہ تعداد 12000 سے تجاوز کرچکی جبکہ اموات 400 سے بڑھ چکی ہیں۔