انڈیگو کی ممبئی۔دہلی پرواز کو بم کی دھمکی دہلی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ

   

نئی دہلی :/30 ستمبر (ایجنسیز) ممبئی سے دہلی آ رہی انڈیگو کی فلائٹ میں منگل کی صبح بم سے اڑانے کی دھمکی نے مسافروں اور ایئرپورٹ پر افرا تفری مچا دی۔ تقریباً 200 مسافر اس طیارے میں سوار تھے، جنہیں سیکوریٹی ایجنسیوں نے بحفاظت باہر نکالا۔ واقعے کے بعد دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔اطلاع ملتے ہی سی آئی ایس ایف اور بم اسکواڈ نے فوراً حرکت میں آ کر طیارے کی تفصیلی جانچ کی۔ طیارے کو آئیسولیٹڈ ایریا پر لے جایا گیا اور مسافروں کے سامان کی بھی سخت تلاشی لی گئی۔ فی الحال کسی بھی مشتبہ چیز کا پتہ نہیں چل سکا ہے اور دھمکی کو معمولی یا افواہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم سیکوریٹی پروٹوکال کے تحت مکمل جانچ جاری ہے۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 کے مطابق انڈیگو کی پرواز 6E 762، جو ایک ایئر بس A321 نیو تھی، صبح 7:53 بجے دہلی ہوائی اڈے پر محفوظ طریقے سے اتری۔ ایئر لائن کی جانب سے آفیشل بیان ابھی آنا باقی ہے۔