انکاؤنٹر مہلوکین کی نعشیں زیادہ دن رکھنا تشویشناک

   

فارنسک پروفیسر کی رپورٹ پر تلنگانہ ہائیکورٹ سے ہدایت کی درخواست
حیدرآباد 17 ڈسمبر (پی ٹی آئی) ایک خاتون ویٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے بعد پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک چار ملزمین کی نعشوںکو محفوظ رکھنے کے سوال پر گاندھی ہاسپٹل نے تلنگانہ ہائیکورٹ سے ہدایت طلب کی ہے۔ گاندھی ہاسپٹل کے ایک سینئر میڈیکل عہدیدار نے منگل کو نعشیں رکھنے کے سوال پر دواخانہ کے فارنسک ماہرین کی طرف سے تشویش ظاہر کئے جانے کے بعد ہی عدالت عالیہ سے ہدایات طلب کی گئی ہیں۔ نعشیں محفوظ رکھنے والے ایک فارنسک پروفیسر نے نعشیں محفوظ رکھنے پر تشویش ظاہر کی ہے کیونکہ ایسی نعشیں زیادہ دن نہیں رکھی جاسکتیں۔ چنانچہ عدالت سے حصول رہنمائی کے لئے فارنسک پروفیسر کے نظریات ہائیکورٹ سے رجوع کردیئے گئے ہیں اور احکام کا انتظار کیا جارہا ہے۔ یہ نعشیں 13 ڈسمبر سے اس دواخانہ میں محفوظ ہیں۔