یکم اکٹوبر سے اسکیم میں شامل ٹیکس دہندگان کے کھاتے بند کردئیے جائیں گے
حیدرآباد۔12 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) ملازمین اور ہندستانی شہریوں کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے جاری اٹل پنشن یوجنا سے انکم ٹیکس دہندگان استفادہ نہیں کرپائیں گے اور یکم اکٹوبر سے اس اسکیم میں شامل ٹیکس دہندگان کے کھاتوں کو بند کردیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی پالیسی میں کہاگیا ہے کہ 20تا40 سال کی عمر میں اٹل پنشن یوجنا کے تحت رقم جمع کروانے والوں کو 60 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد 1ہزار تا5ہزار روپئے کے وظائف کی اجرائی کی اسکیم میں شامل کیا جا رہاتھا اور ان کی جانب سے جمع کی جانے والی رقومات کے اعتبار سے انہیں وظائف جاری کئے جانے کا منصوبہ ہے لیکن اس اسکیم سے استفادہ کرنے والوں میں انکم ٹیکس دہندگان کے شامل ہونے کے بعد مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ غریب ہندستانیوں کے لئے شروع کی گئی اس اسکیم میں انکم ٹیکس دہندگان کو شامل نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی انہیں اس اسکیم کے فوائدحاصل ہوں گے بلکہ اب تک جن انکم ٹیکس دہندگان نے اس اسکیم سے استفادہ کے لئے رقومات جمع کروائی ہیں ان کی رقومات واپس کردی جائیں گی۔ مرکزی حکومت کی اس نئی پالیسی کے سلسلہ میں صدرنشین پنشن فنڈ ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 2016 میں شروع کی گئی اسکیم کا باریکی سے مشاہدہ کرنے کے بعد اس بات کا انکشاف ہواہے کہ مرکزی حکومت کی اس اسکیم میں انکم ٹیکس دہندگان نے بھی اندراج کروایا ہے جو کہ مناسب نہیں ہے ۔ صدرنشین اتھاریٹی سپرمیتم بنڈوپادھیائے نے بتایا کہ اتھاریٹی نے اسکیم کے استفادہ کنندگان کی فہرست اور ان کی جانب سے جمع کروائی جانے والی رقومات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ یکم اکٹوبر سے اس اسکیم سے استفادہ کے لئے درخواست داخل کرنے والوں پر انکم ٹیکس دہندہ نہ ہونے کا حلف نامہ داخل کرنے کی شرط عائد کی جائے ۔ بتایاجاتا ہے کہ 3 فیصد سے بھی کم ایسے افراد ہیں جو انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں اور اس کے باوجود اٹل پنشن یوجنا سے استفادہ کے لئے درخواست داخل کرتے ہوئے رقومات جمع کروا رہے ہیں لیکن ریگولیٹری اتھاریٹی ان 3 فیصد انکم ٹیکس دہندگان کو اسکیم کے استفادہ کنندگان کی فہرست سے خارج کرنے کے اقدامات کرے گی کیونکہ حکومت نے اٹل پنشن یوجنا اسکیم ان لوگوں کے لئے شروع کی ہے جو غریب ہیں اور 60سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد کوئی ذرائع آمدنی نہیں رکھتے ۔م