لندن۔7 مئی(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے کپتان مورگن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے کم مواقع کا ہی پورا فائدہ اٹھانا ہوگا چونکہ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے کرکٹ بھی مکمل طور پر بند ہے۔انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے کورونا وبا کی وجہ سے یکم جولائی تک کرکٹ بند کر دیا ہے۔ اس سے جولائی میں آسٹریلیا کا ونڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے انگلینڈ دورہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔مورگن کا خیال ہے کہ آئر لینڈ کے خلاف ستمبر میں ونڈے سیریزکو ٹی 20 میں تبدیل کرنا ہوگا تاکہ ورلڈ کپ کی تیاری ہو سکے۔انہوں نے ابوظہبی ٹی 10 کے آغاز کے موقع پر کہاکہ گزشتہ ماہ سے ہر کوئی سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ کیا ہو سکتا ہے اور کیا نہیں۔اگر ٹی20 ورلڈ کپ مقررہ وقت پر ہوتا ہے تو ہمیں اس سے پہلے زیادہ تیاری کا وقت اور میچ نہیں ملیں گے۔ایسے میں دیکھنا ہوگا کہ ہم موقعوں کا کتنا فائدہ اٹھا پاتے ہیں اور کتنے میچ کھیل پاتے ہیں۔یادرہے کہ گزشتہ برس جولائی میں منعقدہ 50 اوورس کی کرکٹ کے ورلڈکپ میں کامیابی کے بعد ایان مورگن کی قیادت میں انگلش ٹیم کی نظریں اب ٹی20 ورلڈ کپ پر مرکوز ہوچکی ہیں۔