لندن ۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام )انگلش پریمیئر لیگ کے کلبس نے کہا ہے کہ اگر رواں سیزن کے میچز ختم کرنے ہیں تو باقی میچز کسی تیسرے مقام پر کروانے ہونگے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے 9 مارچ کو انگلش پریمیئر لیگ معطل کردی گئی تھی۔ ویڈیو کانفرنس میں کلبس کے منتظمین نے سیزن دوبارہ شروع کرنے پر اصرار کیا ہے۔کورونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں، وہیں انگلش پریمیئر لیگ کی کلبس انتظامیہ چاہتی ہے کہ ایونٹ دوبارہ شروع کیا جائے۔اس سلسلے میں ایک ویڈیو کانفرنس میں اکثر کلبس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لیگ کے باقی میچز بند میدانوں اورکسی تیسرے مقام پر کروائے جاسکتے ہیں۔دوسری جانب مانچسٹر سٹی کے اسٹرائیکر سرجیو اگیورو نے کہا ہے کہ ان حالات میں کھیل ممکن نہیں، ویکسین کے بغیر میچز کا انعقاد نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ جبکہ انگلش پریمیئر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ لیگ کو کسی دوسرے مقام پرکروانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور نہ ہی ویڈیو کانفرنس میں لیگ کے حوالے سے کو ئی حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔انگلش پریمیئر لیگ میں لیور پول 29 میچز میں 82 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ مانچسٹر سٹی 57 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لیسٹر سٹی تیسرے نمبر پر ہے۔
