انگلینڈنے پاکستانی سیریز کی تیاری شروع کردی

   

لندن ۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام )انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف اس سال ہونے والی مجوزہ سیریز کا منصوبہ تیارکرلیا ہے، جس کے مطابق پاکستان ٹیم 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساوتھمپٹن میں تین ٹسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد بتدریج کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے لگی ہیں، کرکٹ کی سرگرمیاں بھی کچھ ہفتوں میں بحال ہوجائیں گی۔اگست میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز طے ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گرین سگنل کے بعد ای سی بی نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ذرائع نے کہا ہے کہ عبوری منصوبہ کے مطابق پاکستان کو 5 اگست سے یکم ستمبر کے دوران تین ٹسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں۔پہلا ٹسٹ 5 اگست سے مانچسٹر میں کروانے کی تجویز ہے۔ دوسرا ٹسٹ 13 اگست اور تیسرا ٹسٹ 21 اگست سے ساوتھمپٹن میں کھیلنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز مانچسٹر میں 28، 30 اگست اور یکم ستمبر کو ہوں گے۔ذرائع نے کہا ہے کہ ای سی بی عبوری منصوبہ کے بعد حکومت سے اجازت لے گی جس کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔