انگلینڈ کو آئرلینڈ کے خلاف 5 رنز کی حیران کن شکست

   

میلبورن ۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے سوپر 12 راؤنڈ میںحیران کن نتیجہ آیا ہے جیساکہ آئرلینڈ نے ایونٹ کے لیے پسندیدہ تصور کی جانے والی انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے دی۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سوپر 12مرحلے کے 8 ویں میچ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن بارش کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہوا۔آئرلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو دو اوورز بعد ہی بارش نے پھر مداخلت کردی جس کے باعث اننگز کچھ دیر تاخیر کا شکار ہوئی۔اننگز کا دورہ آغاز ہوا تو پال اسٹرلنگ 14 رنز بنانے کے بعد مارک ووڈ کی وکٹ بن گئے۔اس مرحلے پر کپتان اینڈی بلبرائن کا ساتھ دینے لورکان ٹکر آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی ساجھے داری قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب لورکان 34 رنز بنانے کے بعد رن ا?ؤٹ ہوئے جبکہ اسکور میں بغیر کسی اضافے نئے بلے باز ہیری ٹیکٹر بھی چل دیے۔کپتان اینڈی بلبرائن نے 47 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی لیکن لیونگسٹن نے انہیں چلتا کرنے کے ساتھ ساتھ اگلی ہی گیند پر جیارج ڈوکریل کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔اس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے لیونگسٹن اور ووڈ نے فی کس تین جبکہ سیم کرن نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو انہیں ابتدا ہی یکے بعد دیگرے دو دھکے لگے اور جوش بٹل نے انگلینڈ کے دونوں اوپنرزکو 14 رنز پر آوٹ کردیا۔ آئرش بولروں کی نپی تلی بولنگ کے سبب انگلینڈ کے بیٹرس کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور ابھی اسکور 29 تک ہی پہنچا تھا کہ بین اسٹوکس بھی صرف 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔ اس مرحلے پر ڈیوڈ ملان کا ساتھ دینے ہیری بروک آئے اور دونوں نے مل کر اسکورکو 67 تک پہنچایا، اس مرحلے پر بروک کی 18 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ اس کے بعد معین علی نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا لیکن دوسرے سرے سے ملان مستقل جدوجہد کرتے رہے اور بالآخر 37 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ معین نے 12 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے ہی تھے کہ بارش نے ایک مرتبہ پھر میچ میں مداخلت کردی اور تیز بارش کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ جب میچ رکا تو انگلینڈ نے 14.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے تھے لیکن ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ان کا اسکور 110 ہونا چاہیے۔