انگلینڈ کیخلاف نیوزی لینڈ ٹیم میں 3 نئے کھلاڑی شامل

   

ولنگٹن ۔ جنوبی افریقی نژاد بیٹسمین ڈیون کونوے جنہوں نے محدود اوورس کی کرکٹ میںنیوزی لینڈ کیلئے شاندار مظاہرہ کیا ہے انہیں جون میں منعقد شدنی انگلینڈ کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور وہ نیوزی لینڈ کی ٹسٹ میں پہلی مرتبہ شامل ہوئے ہیں۔ کونوے جنہوں نے گذشتہ برس نیوزی لینڈ کی ونڈے اور ٹی 20 کی ٹیم کی نمائندگی کی ہے انہیں اب ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ ٹیم میں شامل 2 نئے کھلاڑیوں میں ولنگٹن کے آل راؤنڈر ریچن رویندرا اور فاسٹ بولر جیکب ڈفی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے 2 ٹسٹ مقابلوں کیلئے اپنی 20 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ لارڈز میں 2 جون کو شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹسٹ 10 جون کو ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کے بعد اس 20 رکنی ٹیم کو 15 رکنی ٹیم میں تبدیل کردیا جائے گا جو کہ 18 جون کو ہندوستان کے خلاف ٹسٹ چمپین شپ کے فائنل میں نظر آئے گی۔ 21 سالہ رویندرا نیوزی لینڈ کے باصلاحیت اور اُبھرتے بیٹسمین ہیں، بائیں ہاتھ سے بیاٹنگ کے علاوہ بائیں ہاتھ سے اسپین بولنگ بھی کرتے ہیں۔ انہیں ولنگٹن کے خلاف جب ٹیم میں شامل کیا گیا تو انہوں نے فرسٹ کلاس سطح کی کرکٹ میں 3 سنچریوں اور 9 نصف سنچریوں کے ذریعہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیم کے کوچ گیرسٹیڈ نے کہا ہے کہ رویندرا نہ صرف اِننگز کے آغاز کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ مڈل آرڈر میں بیاٹنگ کرنے کے علاوہ بولنگ سے بھی ٹیم کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں رواں برس پاکستان کے خلاف ایڈن پارک میں منعقدہ ٹی 20 میں اپنا پہلا مقابلہ کھیلنے والے ڈفی نے 33 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ ڈفی گھریلو کرکٹ میں بہتر اور مستقل مظاہرہ کررہے ہیں۔