انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز،ڈی کاک افریقی کپتان مقرر

   

جوہانسبرگ ۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے عالمی چمپیئن انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے لئے فاف ڈیوپلیسی کو آرام دے کر وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک کو ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ نے 4 فروری کو شروع ہونے والی 3 میچوں کی ونڈے سیریز کے لیے مستقل کپتان فاف ڈیوپلیسی اور فاسٹ بولرکگیسو رابادا کو آرام دیا ہے۔ سلیکٹر لنڈا زونڈی نے کہا ہے کہ فاف ڈیوپلیسی کو ٹیم میں منتخب نہ کرنے کا مطلب ان کے ونڈے کیریئر کے خاتمے کا اشارہ ہرگز نہیں ہے۔ہم نے فاف ڈیوپلیسی اور رابادا کو اس سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا کیونکہ دونوں بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ لنڈا زونڈی نے کہا کہ ڈی کاک کو کپتان بنانا ورلڈ کپ 2023 کے لئے متبادل قیادت کے منصوبے کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھی مختلف ٹیم کا انتخاب ہوگا جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف بھی ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے سیریز ہوگی۔ ڈی کاک اس سے قبل ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کے 2،2 میچوں میں جنوبی افریقہ کی قیادت کرچکے ہیں۔ جنوبی افریقہ کرکٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر گرائم اسمتھ نے کہا کہ ڈی کوک دنیا کے بہترین وکٹ کیپر بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں اورہم پراعتماد ہیں کہ قیادت کے نئے کردار سے بحیثیت کرکٹر ان میں نکھار آئے گا۔ عالمی چمپیئن کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں نئے بیٹسمین جینیمن ملان سمیت دیگر کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ نگیدی کی واپسی ہوئی ہے۔ ونڈے سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کوئنٹن ڈی کاک (کپتان)، ٹیمبا بووما، بورن فورٹوئین، بیوران ہینڈرکس، ریزا ہینڈرکس، سیساندا مگالا، جنیمن ملان، ڈیوڈ ملر، اینڈیلا فلکوایو، لونگی نگیدی، تبریز شمسی، لوتھو سپالا، ریسی وین در دوسن، کائل ویرین اور آل راونڈر جون اسمٹس شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ونڈے سیریز کا ا?غاز 4 فروری کو کیپ ٹاون میں ہوگا، دوسرا میچ 7 فروری کو ڈربن اور تیسرا میچ 9 فروری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 12 فروری کو شروع ہوگی اور 3 میچ کھیلے جائیں گے۔ خیال رہے کہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹسٹ سیریز جاری ہے جس میں انگلینڈ کو 1-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا آخری میچ 24 جنوری کو شروع ہوگا۔