صدر ضلع جمعیت العلماء حافظ لئیق کی رکن قانون ساز کونسل کویتا سے نمائندگی
نظام آباد :صدر ضلع جمعیت العلماء حافظ لئیق خان نے قانون ساز کونسل کی رکن کے کویتا سے دھرم پوری ہلز ڈیویژن نمبر 13 کے متاثرین کی باز آبادکاری کیلئے تفصیلی طور پر بات چیت کی ۔ حافظ لئیق خان نے کل دھرم پوری ہلز میں متاثرین کی جانب سے چلائی جانے والی زنجیری بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر ان سے ملاقات کی تھی اور تفصیلات حاصل کی تھی ۔ واضح رہے کہ دھرم پوری ہلز کے علاقہ میں غیر مجاز طور پر زمینوں کو قبضہ کرتے ہوئے لینڈ گرابرس کی جانب سے فروخت کرنے اور اس معاملہ کی تفصیلی طور پر تحقیق کرنے کی مجلس کی جانب سے کی گئی نمائندگی پر ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے اس علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے غیر مجاز طور پر تعمیر کردہ مکانوں کو منہدم کرنے کے احکامات دئیے تھے جس پر ریونیو کے عہدیداروں نے مکانوں کو منہدم کردیا تھا جبکہ متاثرین کی جانب سے اس بات کی دلیل پیش کی جارہی ہے کہ یہ پلاٹس حمال طبقہ سے خریدے گئے تھے اور جنگل ہونے کی وجہ سے حمال طبقہ نے یہاں رہنا پسند نہیں کیا تھا لیکن غریب مسلمان نے یہاں گذشتہ کئی سالوں سے قیام پذیر ہے حافظ لئیق خان نے ان سے بات چیت کی اور آج قانون سا ز کی رکن کے کویتا سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کروایا اور فوری طور پر متاثرین کی باز آبادکاری کیلئے جنگی خطوط پر اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ۔ حافظ لئیق خان نے کہا کہ غریب مسلمان بے گھر ہوگئے ہیں اور انہیں پکے رہائشی مکانات تعمیر کرتے ہوئے فوری دینے کا مطالبہ کیا ۔ اسی طرح انہیں معاوضہ بھی ادا کرنے کا مطالبہ کیا جس پر کے کویتا نے اس خصوص میں ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی سے اس معاملہ میں بات چیت کرتے ہوئے ہمدردانہ غور کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کا تیقن دیا ۔
