انیس الغرباء کامپلکس کی اندرون چار ماہ تکمیل کی ہدایت

,

   

آراینڈ ڈی کو مزید دو کرؤڑ 62 لاکھ کی اجرائی، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور اعلیٰ عہدیدار آج معائنہ کرینگے

حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر کے ذمہ دار کنٹراکٹر کو ہدایت دی کہ اندرون 4 ماہ مابقی کاموں کی تکمیل کریں تاکہ چیف منسٹر کے ذریعہ کامپلکس کا افتتاح عمل میں آئے۔ محمد سلیم نے آج آر اینڈ بی اور کنٹراکٹر کو دو کروڑ 62 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ اس سے قبل 6 کروڑ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں ۔ 20 کروڑ کے خرچ سے ہمہ منزلہ کامپلکس تعمیر کیا جارہا ہے جس کے لئے تاحال 8 کروڑ 62 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ کام کی تکمیل کے اعتبار سے رقم کی اجرائی عمل میں آرہی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ دو ٹوک انداز میں کنٹراکٹر سے سوال کیا کہ اگر مقررہ مدت میں کام کی تکمیل ممکن نہیں ہے تو وہ وقف بورڈ کو اطلاع کردیں تاکہ دوسرے کنٹراکٹر کا انتظام کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ کے مطابق کام کی تکمیل ضروری ہے۔ کام کی رفتار انتہائی سست ہے حالانکہ بارہا وقف بورڈ کی جانب سے جنگی خطوط پر کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری کام میں سست روی کے سبب وقف بورڈ کی آمدنی متاثر ہورہی ہے۔ یہ علاقہ تجارتی سرگرمیوں کا ہے اور مقررہ وقت پر کامپلکس کی تعمیر سے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ کل 22 اگست کو دو بجے دن حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید کے ہمراہ پھر ایک مرتبہ انیس الغربا کامپلکس کا معائنہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ فلور پر دفاتر یا پھر تجارتی اداروں کو الاٹمنٹ کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔

محمد سلیم نے کہا کہ تعمیری کام کی تکمیل تک جملہ اخراجات 22 کروڑ تک ہوسکتے ہیں۔ دو سیلر کے علاوہ گراؤنڈ فلور کے ساتھ 6 فلور پر مشتمل کامپلکس تعمیر کیا جارہا ہے جس میں یتیم و یسیر بچوں کیلئے ہاسٹل ہوگا۔ بچوں کیلئے معیاری تعلیم کا انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی زیر قیادت حکومت غریبوں کی بھلائی کیلئے کام کر رہی ہے اور چیف منسٹر نے مسلمانوں کے غریب بچوں سے متعلق انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ کامپلکس کے لئے آر اینڈ بی کی اراضی حوالے کی گئی اور امید ہے کہ مابقی اراضی جلد حوالے کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ اگر معاہدہ کے مطابق اندرون 4 تا 5 ماہ تعمیری کام مکمل نہیں کیا گیا تو کنٹراکٹر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پلان کی منظوری میں کسی قدر تاخیر ہوئی ہے۔ تاہم انہیں امید ہے کہ مقررہ مدت کے دوران تعمیری کام مکمل ہوجائے گا ۔ کنٹراکٹر سے دیڑھ سال کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ میں گرانٹ ان ایڈ کے ذریعہ تعمیری رقم جاری کی جارہی ہے جس میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی ۔ وقف بورڈ کے پاس درکار رقم موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تجارتی سرگرمیوں کیلئے ملگیات اور جگہ کے الاٹمنٹ کے لئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ پبلک نوٹس کے ذریعہ ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے اور زائد رقم کا تعین کرنے والے کو ملگیات الاٹ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ الاٹمنٹ میں مکمل شفافیت رہے گی ۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال قابو میں ہے اور بی جے پی سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں قدم جمانے کے لاکھ دعوے کرلیں لیکن یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ تلنگانہ میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد خوش ہیں اور باہم شیر و شکر زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی تلنگانہ میں عوام کے دلوں میں ہے اور اسے کوئی اور پارٹی ہرا نہیں سکتی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے بعد کئی نئی اسکیمات کے آغاز کی تجویز ہے ۔ اس موقع پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید موجود تھے ۔