مقررہ مدت میں کاموں کی تکمیل کی ہدایت، محمد سلیم سے آر اینڈ بی عہدیداروں کی ملاقات
حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے انیس الغرباء ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کے سلسلہ میں آج ایک کروڑ 21 لاکھ 43 ہزار کا چیک جاری کیا ہے۔ انہوں نے حج ہائوز نامپلی میں یہ چیک ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی محمد حفیظ کے حوالے کیا۔ انہوں نے آر اینڈ بی حکام کو ہدایت دی کہ تعمیری کام مقررہ مدت میں مکمل کرلیے جائیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور انہی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا۔ انیس الغرباء ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کے لیے 20 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے جس میں سے 11 کروڑ 41 لاکھ 20 ہزار 978 روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمہ منزلہ کامپلکس سے جو آمدنی ہوگی وہ انیس الغرباء یتیم خانے کے انتظامات پر خرچ کی جائے گی۔ یہ یتیم خانہ ملک میں اپنی نوعیت کا واحد ہوگا جہاں یتیم بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائش کی بہتر سہولتیں حاصل رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کامپلکس کی تعمیر کے سلسلہ میں نگرانکار کمیٹی کا حال ہی میں اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں کنٹراکٹرس کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ اوپن آکشن کے تحت کامپلکس کی ملگیات حوالے کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا جامعہ نظامیہ میں عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد چیف منسٹر سے افتتاح کے لیے وقت لیا جائے گا۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے تعمیری اور مرمتی کام رمضان المبارک کے آغاز سے قبل مکمل کرلیئے جائیں گے۔ مکہ مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں رقومات کی اجرائی کام کی تکمیل کے اعتبار سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزہ داروں اور مصلیوں کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔ آئندہ ماہ چیف منسٹر کی صدارت میں رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوگا۔