ہر تصویر دو رخ رکھتی ہے ایک گوشہ تاریک تو دوسرا گوشہ مکمل روشن بھی، اسی طرح گھریلو آرائش کی اشیاء بھی تازہ اور منفرد امیجز سے آراستہ کر لی جائیں تو آرائش کا جدید منظر نگاہوں میں اتر آتا ہے۔خوب سے خوب تر کی تلاش جاری رکھئے کیونکہ گھر وہی اچھے لگتے ہیں جہاں خاتون خانہ اپنی ذہانت اور تخلیقی جوہروں سے آرائش کا توازن قائم رکھتی ہیں۔ ضروری نہیں کہ آپ دبئی ، ملائیشیا یا سنگاپور سے آرائشی اشیاء لائیں اگر کبھی نہ لا سکیں، وزن کا مسئلہ ہو یا بجٹ اجازت نہ دیتا ہو تو مقامی کاریگروں کو تصویر کشی کر کے ڈیزائن سمجھا کر ویسا ہی فرنیچر آپ خود بنوا سکتی ہیں۔اگر آپ گھر کی آرائش کا تخلیقی ارادہ رکھتی ہیں تو چھوٹی چھوٹی چیزوں کو پہلے بدلئے یا انہیں نیا رخ دے کر سجائیے، سنوارئیے، رفتہ رفتہ تمام کمرہ آپ کی جمالیات کا گویا آئینہ بن جائے گا۔ آج بات ہو جائے کشنز کی، یہ آپ کے انفرادی ذوق و شوق کے اظہار کا اہم ترین ہدف ہو سکتے ہیں۔ہم کڑھائی والے، بلاک پرنٹنگ، اسکرین پرنٹنگ، نگینے جڑے یا ستاروں ٹکے ہوئے کشنز کے علاوہ سیلف ڈیزائن والے سوتی اور مخملیں سب ہی کچھ استعمال کر لیتے ہیں۔زیادہ تر بازار سے بنے بنائے کشنز خریدے جاتے ہیں چونکہ اب ہمارے ہر شہر میں بیڈ لینن کی ورائٹی موجود ہے۔ ان میں ہینڈ لومز کی نازک سی بنائی والا کپڑا بھی بہت جاذب نظر ہوتا ہے جسے ہم فلور کشنز یا صوفے پر رکھنے والے بیک کشنز کی طرح استعمال میں لاتے ہیں۔تاہم کبھی کبھی ان سے دل بھر بھی تو جاتا ہے۔یوں بھی آپ اگر بہت اچھی منتظم خاتون ہیں تو اپنے پاس دو سے تین اقسام کے کشن کورز ضرور رکھئے جنہیں دھو کر یا ڈرائی کلین کروا کے وقتا فوقتا استعمال کرتی رہے۔ کبھی دیکھنے والے اور دوستوں کو یہ احساس تک نہ ہو گا کہ آپ لاؤنج یا ڈرائنگ روم کی دیکھ بھال نہیں کرتیں بلکہ ہر مرتبہ انہیں ایک نئے انداز کی سجاوٹ نظر آئے گی۔
اگر کشنز پر کہکشاں اتر آئے تو : کوئی جھیل کنارے جیسا منظر یا درختوں کی چھاؤں میں رنگ برنگی چڑیوں کی اڑانیں بھرتا منظر کہیں آسمانوں کی نیلاہٹ، سبز ہواؤں کا کوئی موسم، کہیں تتلیوں کی مدھم مسکان تو کہیں روشنی میں کھلتے ہوئے پھولوں جیسا پیراہن، غرضیکہ شاعری کا وہ لطف جو آپ کسی شاعر کے کلام میں محسوس کرتی ہوں ویسی ہی منظر کشی کرتا مٹیریل کشن کیلئے لے لیں۔ آپ کے شفاف صوفے کے پہلو میں یہ فطری مناظر کے عکاس کشنز ماحول میں موسیقیت اور شاعری دونوں ہی بکھیر دیں گے۔یہ آرائش کا ایک اچھوتا انداز ہے۔آپ کی ٹین ایج بیٹی کے کمرے میں بھی یہ کشنز بھلے لگیں گے اور اگر آپ بزنس ایگزیکٹو ہیں تو آپ کے آرام دہ گھر میں بھی مختلف اور اچھوتے سے محسوس ہوں گے۔آپ ان منظروں میں کھو کر رنگوں سے شخصیت کا اعتماد محسوس کریں گے۔
رنگ مدھم بھی ہو سکتے ہیں اور شوخ بھی : یہ دراصل روشنی کا سفر ہے۔آپ دیکھئے کہ برف پگھلتی ہے تو سورج چمکنے لگتا ہے۔چند ماہ پہلے تک ہم چاہتے تھے کہ گھر حرارت کا ایسا پیمانہ بنیں کہ سرما کی رت کو جھیلنا عذاب نہ ہو جائے۔اب سردیاں ختم ہوئیں تو ہم جلتی ہوئی دھوپ سے بچنے کے لئے گھروں کو ٹھنڈا رکھنے، تازہ دم کرنے اور ہلکا پھلکا فرنیچر رکھ کر ہوا کے گزر کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔ روشنی ہی زندگی ہے اپنے فرنیچر سے جڑی ہر چیز کو حرارت آمیز نہ بنائے رکھئے۔ہلکے رنگوں کے جالی دار پردے، ہلکے رنگوں کے کشنز آپ کو تر و تازہ اور فعال رکھیں گے۔گرمی کے موسم میں یوں بھی ہیجان انگیز کیفیت ہوتی ہے اس لئے ٹھنڈے رنگ مدھم ہی ہوتے ہیں۔
پھولوں کی تصویروں کا تجربہ : گرمیوں میں خواتین کا لباس ہو، گھر کے پردے ہوں، ہینڈ بیگز ہوں، گھر میں لگائی جانے والی پینٹنگز ہوں تمام کی تمام پھولدار ہوں تو تازگی اور فرحت کا احساس ابھرتا ہے۔اسے کہتے ہیں فلاور پاور کہ جو رہن سہن کیلئے استعمال ہونے والی اشیاء کو تازہ امیج دیتا ہے ۔ آپ نے دیکھا ہو گا کہ گرمیوں میں تازہ پھولوں سے کشیدہ کئے ہوئے عطریات اور پرفیومز میں بھی انہی اجزاء کو شامل رکھا جاتا ہے۔
٭٭٭٭