اور اب ZOMATO کے ذریعہ 2 ہزار کے نوٹوں کا استعمال

   

حکومت کے فیصلے کے بعد 72 فیصد ادائیگیاں 2 ہزار کے نوٹوں سے کی جا رہی ہیں
حیدرآباد 22 مئی (سیاست نیوز) ہندستان بھر میں شہری اپنے پاس موجود 2000کے کرنسی نوٹوں کے استعمال کی راہیں تلاش کر رہے ہیں اور اب ان میں گھر بیٹھے کھانا منگوانے والے بھی شامل ہوچکے ہیں جو کہ ZOMATO کے ذریعہ اشیائے تغذیہ منگوانے کے بعد 2000 کے کرنسی نوٹ کے ذریعہ ادائیگی کرر ہے ہیں۔ ZOMATO نے آج اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کی شب سے جو آرڈر انہیں موصول ہورہے ہیں ان میں مجموعی اعتبار سے 72 فیصد ایسے آرڈر ملے ہیں جن کی ادائیگی 2000کے کرنسی نوٹوں کے ذریعہ کی گئی ہے۔ ZOMATOکے آرڈرس کے حصول اور اس کیلئے 2000 کے نوٹ ادا کئے جانے سے یہ بات واضح ہونے لگی ہے کہ 2000 کے کرنسی نوٹ عام شہریوں کے پاس بھی موجود ہیں جو ہنگامی حالات کیلئے جمع رکھے تھے لیکن اب اچانک 2000 کے کرنسی نوٹوں کو واپس لئے جانے کے فیصلہ پر مختلف مقامات پر 2000 کے نوٹ وصول نہ کئے جانے کے بعد شہری اپنے طور پر طریقہ نکال رہے ہیں ۔ دونوںشہروں میں پٹرول پمپ مالکین نے بھی 1000 روپئے سے کم کی خریداری پر 2000کے نوٹ وصول کرنے بند کردیئے ہیں اور ان کا کہناہے کہ 200اور500 کے پٹرول یا ڈیزل کیلئے شہری 2000 کے کرنسی نوٹ کے ساتھ پمپ پر پہنچ رہے ہیں جسکے سبب انہیں مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ZOMATO کے ٹوئیٹ میں کہاگیا کہ جمعہ کی شب سے اچانک اضافہ کے متعلق وہ اپنے ڈیلیوری بوائز پر واضح کرچکے ہیں کہ 2000 کے نوٹوں کا چلن ختم نہیں ہوا ہے اسی لئے کیاش آن ڈیلیوری آرڈرس پر جو کرنسی ادا کی جا رہی ہے وہ قبول کی جائے ۔ م