ملکاجگیری کی اہم جائیدادوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس، رجسٹریشن منسوخ کرنے محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔/21مارچ، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے مولاعلی ملکاجگری منڈل میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں ریونیو، میونسپل اور پولیس عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا۔ انہوں نے تینوں محکمہ جات سے اپیل کی کہ وہ غیرمجاز قبضوں کی برخواستگی میں وقف بورڈ سے تعاون کریں۔ تینوں محکمہ جات کے عہدیداروں نے تیقن دیا کہ وہ غیرمجاز قبضوں کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کے رجسٹریشن کی اجازت نہیں دیں گے۔ اجلاس میں درگاہ کوہِ مولا علی کی اراضی پرناجائز قبضوں کا جائزہ لیا گیا۔ سروے نمبر 422 اور دیگر سروے نمبرات کے تحت 232 ایکر وقف اراضی موجود ہے۔ انہوں نے تحصیلدار ملکاجگری کو ہدایت دی کہ وہ غیر مجاز افراد کے حق میں اوقافی جائیدادوں کے پٹہ پاس بک جاری نہ کریں کیونکہ یہ نوٹیفائیڈ وقف اراضی ہے۔ محمد سلیم نے پولیس عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ قابضین کے خلاف مقدمات درج کریں جبکہ بلدی حکام تعمیرات کی اجازت نہ دیں۔ مسجد مسلم جنگ ملکاجگری کے تحت 49.11 ایکر اراضی موجود ہے۔ غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں ہائی کورٹ نے ریونیو اور وقف حکام کی جانب سے مشترکہ سروے کی ہدایت دی ہے۔ محمد سلیم نے ریونیو اور وقف عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مشترکہ سروے کیلئے فوری تاریخ کا تعین کریں تاکہ غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی ممکن ہوسکے۔ مقبرہ مہہ لقا بائی مولا علی کے تحت 16278 مربع گز اراضی موجود ہے اور یہ ہیرٹیج عمارت ہے۔ بعض قابضین نے اراضی پر گھوڑے باندھ رکھے ہیں۔ اس سلسلہ میں پولیس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی خواہش کی گئی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ غیر سماجی عناصر قیمتی اراضی پر قبضہ جمارہے ہیں تاہم اہم محکمہ جات کی چوکسی کے ذریعہ تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف کو فروخت نہیں کیا جاسکتا اور جو بھی اس کے لئے ذمہ دار ہوں گے ان کے خلاف کریمنل کیس درج کرتے ہوئے کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اور انہوں نے غیر مجاز رجسٹریشن منسوخ کرنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ اجلاس میں تحصیلدار ملکاجگری بی گیتا، ریونیو آفیسر بی رام کرشنا ریڈی، اسسٹنٹ کمشنر بلدیہ محمد خلیل الدین، ڈپٹی سٹی پلانر کے اوما دیوی، انسپکٹر پولیس اے منموہن کے علاوہ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔