اوقافی جائیدادوں کی ترقی کیلئے حکومت مکمل تعاون کریگی، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور سے محمد سلیم کی ملاقات

   

حیدرآباد۔16۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے اوقافی جائیدادوں کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے وقف بورڈ کی تجاویز کو منظوری دینے کا تیقن دیا۔ انہوں نے ائمہ مؤذنین کے اعزازیہ کی بروقت اجرائی کے لئے وقف بورڈ کی مساعی کی ستائش کی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وزیر اقلیتی بہبود سے ملاقات کی اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ترقی کے بارے میں وقف بورڈ کے اقدامات سے واقف کرایا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ حیدرآباد میں اہم جائیدادوں کو ڈیولپمنٹ پر دینے کیلئے وقف بورڈ نے حال ہی میں جو فیصلہ کیا ہے اسے حکومت بہت جلد منظوری دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جائیدادوں کی ترقی کے ذریعہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ کے ایشور نے کہا کہ کے سی آرحکومت وقف جائیدادوں کے تحفظ اور غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی میں سنجیدہ ہے اور وقف بورڈ سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی سطح پر وقف بورڈ کے ذریعہ امداد دی جاسکتی ہے۔ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی بروقت اجرائی کیلئے بجٹ کو گرین چینل میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت بینک اکاؤنٹ میں ہر ماہ رقم جمع کردی جائے گی۔ محمد سلیم نے انیس الغرباء کے تعمیری کاموں کے علاوہ مکہ مسجد کی مرمت اور تزئین نو کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ وزیر اقلیتی بہبود نے عنقریب مکہ مسجد اور انیس الغرباء کا دورہ کرنے سے اتفاق کیا۔ ر