اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے محمد سلیم کی کلکٹر رنگا ریڈی سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic


ریونیو اور پولیس عہدیداروں کا تعاون ضروری، عنقریب اراضیات کا معائنہ
حیدرآباد: صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج ضلع کلکٹر رنگا ریڈی اموئے کمار آئی اے ایس سے ملاقات کی اور ریونیو عہدیداروں کے ہمراہ اوقافی اراضیات کے تحفظ کا جائزہ لیا ۔ رنگا ریڈی ضلع میں درگاہ حضرت اسد اللہ قادری نیک نام پورہ ، عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ ، مامیڑ پلی ، کوکا پیٹ اور درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ پہاڑی شریف کی اوقافی اراضیات کے تحفظ پر غور و خوض کیا گیا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ مذکورہ اوقافی اراضیات پر ناجائز قابضین کی نظریں ہیں ، لہذا ضلع کلکٹر کو ریونیو اور پولیس عہدیداروں کو ہدایات جاری کرنی چاہئے ۔ انہوں نے اوقافی اراضیات کے پٹہ جات کی اجرائی روکنے کی درخواست کی اور کہا کہ حکومت نے جی او ایم ایس 15کے ذریعہ اوقافی اراضیات کے رجسٹریشن پر پابندی عائد کردی ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ نیک نام پورہ اور گٹلہ بیگم پیٹ میں غیر مجاز قابضین کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے وقف بورڈ نے قانونی کارروائی کی ۔ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی پر غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کیلئے ہائی کورٹ نے احکامات جاری کئے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے یقین دلایا کہ وہ تمام اوقافی اراضیات کے تحفظ کے اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں وقف بورڈ سے تعاون کریں۔ رنگا ریڈی میں قیمتی اوقافی اراضیات کی زبوں حالی کے پیش نظر صدرنشین وقف بورڈ نے وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور سے ملاقات کرتے ہوئے نمائندگی کی تھی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کلکٹر رنگا ریڈی سے ربط قائم کرتے ہوئے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ کلکٹر سے ملاقات کے بعد محمد سلیم نے کہا کہ بہت جلد عہدیداروں کے ساتھ اوقافی جائیدادوں کا معائنہ کیا جائے گا اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد ہوگا۔