اولمپکس کیلئے آئی او سی کے ساتھ کام میں مصروف: جاپان

   

ٹوکیو۔23مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹوکیو اولمپک کے 2021 میں انعقاد کے تعلق سے آرگنائزنگ کمیٹی اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد منتظمین نے کہا ہے کہ وہ آئی او سی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ٹوکیو 2020 کے ترجمان نے کل کہا کہ جاپان اگلے سال ٹوکیو اولمپکس کے انعقاد کیلئے آئی او سی کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔آئی او سی کے صدر تھامس باک نے کہا تھا کہ اگر ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد اگلے سال نہیں کیا جاتا ہے تو اسے منسوخ کر دیا جائے گا۔باک کے بیان کے بعد ٹوکیو 2020 کے ترجمان کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان ہو چکاہے اور ہمارا کام اگلے سال اسے مناسب ڈھنگ سے منعقد کرانا ہے۔ ٹوکیو 2020 آئی او سی کے ساتھ مل کر اس پر کام کر رہا ہے۔