اولمپک تک سوشل میڈیا بند کردیا: بجرنگ

   

نئی دہلی : اولمپک کیلئے ہندوستانی اسٹار کھلاڑی بجرنگ پونیا نے آج اعلان کیا ہیکہ وہ رواں برس جولائی، اگست میں ٹوکیو میں منعقد شدنی اولمپکس تک اپنے سوشل میڈیا کو بند کردیا ہے۔ اولمپکس میں میڈلس کیلئے سب سے قوی امید تصور کئے جانے والے بجنگ نے آج ٹوئیٹر کا سہارا لیتے ہوئے یہ اعلان کیا ہیکہ وہ سوشل میڈیا بند کررہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج سے میں اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کررہا ہوں اور اولمپکس کے بعد آپ سے ملاقات ہوگی۔ ہندی میں اپنا بیان ٹوئیٹر پر جاری کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہیکہ آپ اپنی محبتیں اور نیک تمنائیں مجھ پر ایسے ہی جاری رکھیں گے، جئے ہند۔ بجرنگ نے 2019ء ورلڈ چمپئن شپ کے ذریعہ اولمپکس کا کوٹا حاصل کیا ہے اور وہ امریکہ میں ایک ماہ کے کیمپ کی تکمیل کے بعد وطن لوٹے ہیں۔ 27 سالہ بجرنگ جمعرات کو اٹلی میں شروع ہونے والے یو ڈبلیو ڈبلیو رینکنگ سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔