اومی کرون وائرس کا اندرون 2 گھنٹے پتہ چلانے والا کٹ تیار

   

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کا کارنامہ، سرکاری اور خانگی شعبہ کے اشتراک سے تیاری
حیدرآباد۔/12ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ملک میں نئے کورونا ویرینٹ اومی کرون کے خوف کے ماحول میں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (ICMR) نے عوام کو خوشخبری سنائی ہے۔ اومی کرون کا پتہ چلانے کیلئے ابھی تک کوئی ٹسٹ دریافت نہیں کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں ویرینٹ سے نمٹنے کے بارے میں تشویش پائی جارہی تھی۔ ایسے میں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے ایک کٹ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے تحت 2 گھنٹوں میں اومی کرون کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔ اومی کرون ویرینٹ دنیا کے 59 ممالک میں پھیل چکا ہے اور ہندوستان میں ابھی تک 36 کیسس منظر عام پر آچکے ہیں۔ انٹر نیشنل فلائیٹس سے آنے والے مسافرین کی طیرانگاہوں پر جانچ کا انتظام کیا گیا تاہم اومی کرون کا پتہ چلانے کیلئے کوئی مخصوص ٹسٹ کی عدم موجودگی تشویش کا باعث بنی ہوئی تھی۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ڈیبرو گڑھ میں واقع مرکز کے سائینسدانوں نے ایک کٹ تیار کیا ہے جس کے ذریعہ اومی کرون ویرینٹ کا اندرون دو گھنٹے پتہ چلایا جاسکتا ہے۔ موجودہ رائج طریقہ کار کے تحت اومی کرون کا پتہ چلانے کے لئے تین تا پانچ دن درکار تھے۔ سائینسدانوں کا کہنا ہے کہ نئے دریافت کردہ کٹ کے ذریعہ مرض کا پتہ چلانے اور اس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ہندوستان میں اومی کرون کے کیسس میں اضافہ کے پس منظر میں نئے کٹ کی تیاری سے حکومت کو راحت ملی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نئے کٹ کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ نئے ویرینٹ کا پتہ چلانے کیلئے مشتبہ افراد کے نمونے حاصل کرتے ہوئے 36 گھنٹے میں نتیجہ معلوم کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نیا کٹ حکومت اور خانگی شعبہ کے اشتراک سے تیار کیا جائے گا اور کولکتہ کے ڈی سی سی بائیو ٹیک کمپنی کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے نئے کٹ کی تیاری کا کنٹراکٹ دیا ہے۔ر