اومی کرون : پروازوں کی آمد پر پابندی عائد نہ کرنے پر ممتا ناراض

   

کلکتہ: نئے سال کی آمد پر کورونا اور اومی کرون کے کیسوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے جہاں عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی وہیں غیر ملکی پروازوں پر پابندی عاید نہیں کئے جانے پر ناراضگی ظاہر کی ہے ۔تاہم ممتا بنرجی نے آج ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ تیسری مرتبہ لاک ڈاؤن لگانے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ جاننے کے باوجود بیروملک سے آنے والے مسافروں کی وجہ سے اومی کرون کے کیس بڑھ رہے ہیں۔مگر اب تک ان پر روک نہیں لگائی گئی ہے ۔انہوں نے حکومت ہند سے اپیل کی ہے کہ اس پر غور کیا جائے ۔لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم نے پچھلے دو سالوں میں لاک ڈاؤن دیکھا ہے ۔ انسانوں نے بہت نقصان اٹھایا ہے ۔ روزگار متاثر ہوئے ہیں۔ اس لیے ابھی لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔ ان علاقوں میں کنٹینمنٹ زون بنائے جائیں گے جہاں متاثرین کی تعداد بڑھے گی۔ پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ اور اس کا مقصد لوگوں کو کم سے کم پریشان کرنا ہے ۔